Maktaba Wahhabi

846 - 609
تفسیر قرآن بذریعہ ادبِ جاہلی قرآنِ کریم کی زبان عربی ہے اور عربی بھی وہ جو فصاحت و بلاغت کے اعتبار سے معجزے کی حد کو پہنچی ہوئی ہے۔جنّ وبشر میں سے کسی کو یہ قدرت حاصل نہیں ہے کہ اس کی مثل کلام پیش کر سکے۔شعرائے سبعہ معلقہ میں لبید بن ربیعہ آخری شاعر ہیں۔ان کے ایک شعر پر عکاظ میں تمام شعرائے وقت نے ان کو سجدہ کیا اور عرب کی روایت کے مطابق اعزاز کے طور پر ان کا قصیدہ خانہ کعبہ میں آویزاں کیا گیا۔یہ لبید،بعد میں مسلمان ہو گئے۔مسلمان ہونے کے بعد انہوں نے شعر کہنا ترک کر دیا۔جو شاعر تمام عرب شعراء کا مسجود،وقت کا ملک الشّعراء اور عرب کی فصاحت و بلاغت کا مظہرِ کامل ہو،اس کے ترکِ شعر پر لوگوں کو بڑا تعجب ہوا۔کسی نے پوچھا کہ اب آپ شعر نہیں کہتے؟ جواب میں انہوں نے فرمایا:أبعد القرآن؟[1] کہ کیا قرآن کے نازل ہو جانے کے بعد بھی اس کیلئے کوئی گنجائش باقی ہے۔ قرآن کے اعجاز بلاغت کے آگے سرافگندگی کا یہ اظہار واعتراف اس عظیم شاعر کی طرف سے ہے جو اپنے زمانے میں عرب کی تمام فصاحت و بلاغت کا نشان و علم تھا۔جب وہ اس طرح قرآن کے آگے سربسجود ہوگیا تو اس کے صاف معنی یہ ہیں کہ عرب کی تمام فصاحت وبلاغت نے قرآن کی فصاحت وبلاغت کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے۔اس کے بعد کسی اور کیلئے قرآن کے آگے نگاہیں اونچی کرنے کا کیا امکان باقی رہا؟ اس درجے و مرتبے کے کلام کے زور و اثر اور اس کی خوبیوں کا اگر کوئی شخص اندازہ کرنا چاہے تو یہ کام،ظاہر ہے کہ وہ صرف اس کے ترجمہ،تفسیر اور اس کے لغتوں کے ذریعے سے نہیں کر سکتا۔بلکہ اس کیلئے اس کو اس زبان کا ذوق پیدا کرنا پڑے گا،جس میں وہ کلام ہے۔کسی کلام کا ذوق پیدا کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔اس کیلئے فطری رجحان طبیعت اور لطافت ذوق کے ساتھ ساتھ اس زبان کی مشق و ممارست ناگزیر ہے۔برسوں کی محنت کے بعد کہیں آدمی میں کسی زبان کا ذوق پیدا ہوتا ہے اور اگر زبان اپنی مادری زبان نہ ہو تو یہ مشکل دو چند ہوجاتی ہے۔ مولانا فراہی رحمہ اللہ عربی لغت و اسالیب سےواقفیت و استفادہ پر زیادہ زور اس وجہ سے بھی دیتے ہیں کہ قرآن کے الفاظ و اسالیب بعینہٖ آج بھی وہ ہیں جن پر وہ نازل ہوا ہے۔یہ بات معلوم ہے کہ قرآن مجید کانزول عرب کی اس ٹکسالی زبان میں ہوا ہے جو نزولِ قرآن کے وقت عرب میں جاری و ساری تھی۔اس لئے قرآن کے اسالیب،اس کے اشارات و تلمیحات اور تعریفات و کنایات کو سمجھنے میں صرف عربی زبان ہی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ عرب کے معروف و منکر،ان کی معاشرتی زندگی کی خصوصیات،ان کی سوسائٹی میں خیر و شر کے معیارات،ان کے سماجی تمدّنی اور سیاسی نظریات،روز مرہ کی زندگی میں ان کی دلچسپیاں اور مشاغل،ان کے مذہبی رسومات و معتقدات غرض ان کی ساری چیزوں کو سمجھنے میں عربی زبان سے زیادہ بہتر ماخذ کوئی اور نہیں۔صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے کلامِ
Flag Counter