Maktaba Wahhabi

11 - 293
تقریظ از شیخ الحدیث ابو محمد حافظ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ، والصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ عَلیٰ سَیِّد الْأَنْبِیَائِ وَالْمُرْسَلِیْنَ، وَعَلَی اٰلِہِ، وَأَصْحَابِہِ أَجْمَعِیْن۔ اَمَّا بَعْدُ! موت ایک اٹل حقیقت ہے، جس سے کوئی راہِ فرار نہیں اور اخروی کامیابی کا معیار دخولِ جنت ہے، لیکن دنیا کی عارضی بہاریں اور اس کی ظاہری چمک و دمک اس قدر پُرفریب ہے کہ انسان اس میں مگن ہو کر اپنے مقصدِ حیات سے غافل ہو جاتا ہے اور جب موت آتی ہے تو اس کی آنکھیں کھلتی ہیں کہ مجھے دنیا میں آنے کے بعد کیا کرنا چاہیے تھا اور میں کیا کرتا رہا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی منزل کا تعین کریں ، پھر سوئے منزل جانے کا راستہ تلاش کریں۔ زیرِ نظر کتاب ’’سوئے منزل‘‘ کا یہی موضوع ہے۔ اس کے مولف عزیز القدر برادرِ گرامی مولانا عبدالخالق مدنی حفظہ اللہ جو اگرچہ عمر میں مجھ سے چھوٹے لیکن اندرونی تڑپ کے اعتبار سے مجھ سے آگے ہیں ، مجھے ان کی طویل رفاقت میسر آئی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ مبارک تالیف ان کی زندگی کا حاصل اور نچوڑ ہے، اگر آپ اس کا باغور مطالعہ کریں گے تو امید ہے کہ منزل کے تعین میں آسانی اور اس کی طرف جانے کا راستہ معلوم ہو جائے گا۔ بإذن اللّٰہ ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مبارک تالیف کو مؤلف اور ان کے مرحومین کے لیے صدقہ جاریہ بنائے اور کسی بھی طرح اس کی نشر و اشاعت میں حصہ ڈالنے والوں کے لیے توشۂ آخرت بنائے۔ آمین طالب الدعوات ابو محمد عبدالستار الحماد
Flag Counter