Maktaba Wahhabi

252 - 702
ڈھیلا چھوڑ رکھا ہے۔ یہاں تک کہ وہ بدترین مخلوق ہو جاتے ہیں ۔ بخلاف اس کے جو اللہ کی محبت کے ذریعے ایمان کی حلاوت کو پاتا ہے اور جانتا ہے کہ رب تعالیٰ کو عبادات محبوب ہیں اور یہ کہ اسے بعض افعال و اشخاص اگر محبوب ہیں تو ان میں سے بعض مبغوض بھی ہیں ۔ چنانچہ وہ کسی پر راضی تو کسی پر ناراض ہے اور توبہ سے خوش ہوتا ہے وغیرہ وغیرہ کہ جن سب باتوں کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی ہے کہ ’’یہی وہ اسلام ہے جس کا بندہ لا الہ الا اللہ پڑھ کر اقرار کرتا ہے، اور اس کی گواہی دیتا ہے۔‘‘ اب جو تو فرق کا قائل نہیں اس نے رب تعالیٰ کو ایک ایسا معبود قرار نہیں دیا جو محبوب بھی ہوتا ہے، وہ صرف اس بات کی شہادت دیتا ہے کہ صرف وہی رب ہے اور یہ وہ شہادت ہے جو مشرکین بھی دیتے تھے۔ لیکن وہ لا الہ لا اللہ کی شہادت نہیں دیتے تھے۔ جبکہ انبیاء کرام علیہم السلام ایسی توحید الوہیت کے ساتھ مبعوث ہوئے تھے جو توحید ربوبیت کو بھی متضمن تھی۔ رہی نری توحید ربوبیت، تو اس بات کے تو مشرک بھی قائل تھے کہ زمین اور آسمانوں کا خالق صرف اللہ ہے جیسا کہ رب تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں متعدد مقامات پر ان لوگوں کے بارے میں اس بات کی خبر دی ہے۔ چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَلَئِنْ سَاَلْتَہُمْ مَّنْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ لَیَقُوْلُنَّ اللّٰہُ﴾ (الزمر: ۳۸) ’’اور اگر تو ان سے پوچھے کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا؟ تو ضرور ہی کہیں گے: اللہ نے۔‘‘ اور اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿وَ مَا یُؤْمِنُ اَکْثَرُہُمْ بِاللّٰہِ اِلَّا وَ ہُمْ مُّشْرِکُوْنَo﴾ (یوسف: ۱۰۶) ’’اور ان میں سے اکثر کا اللہ پر ایمان نہیں ، مگر اس حال میں کہ وہ شریک بنانے والے ہوتے ہیں ۔‘‘ ہم نے ایک دوسرے مقام پر اس مضمون کو مفصل ذکر کر دیا ہوا ہے۔ [محبت الٰہی کا معیار:] یہ لوگ ابتدا میں تو اللہ کی محبت کا دعویٰ کرتے ہیں ، امر محبت کی تعظیم بھی کرتے ہیں اور سماع کو غناء، دف اور نو عمر لڑکیوں کے ساتھ پسند کرتے ہیں اور اس سب کو ’’قربت‘‘ باور کرتے ہیں ۔ کیونکہ بزعم خویش یہ جملہ باتیں دلوں میں محبت الٰہی کی انگیخت کا ذریعہ ہیں ۔ اگر واقعی ایسا ہے تو ان کی محبت مشرکوں کی محبت جیسی ہے ناکہ موحدین کی محبت جیسی ہے۔ کیونکہ موحدین کی محبت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع اور جہاد فی سبیل اللہ کے ساتھ ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿قُلْ اِنْ کُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوْنِیْ یُحْبِبْکُمُ اللّٰہُ وَیَغْفِرْلَکُمْ ذُنُوْبَکُمْ﴾ (آل عمران: ۳۱) ’’کہہ دے اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمھیں تمھارے گناہ بخش دے گا۔‘‘
Flag Counter