Maktaba Wahhabi

1232 - 2029
(421) برے لوگوں کے ساتھ بیٹھنا بھی گناہ ہے السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ میرے کچھ دوست ہیں جو میرے ساتھ ایک ہی دفتر میں کام کرتے ہیں اور جس  دن سے ان  سے تعارف  ہوا ہے میں نے دیکھا ہے کہ وہ جنسی امور اور فحش رسالوں کے بارے میں گفتگو کرتے رہتے ہیں' جب کہ میں ان کی باتوں  کو قطعاً پسند  نہیں کرتا لیکن  ایک ہی  دفتر  میں کام کرنے کی وجہ سے ان کے ساتھ  بیٹھنے پر مجبور ہوں 'بعض اوقات اس قسم کی گفتگو پر اظہار  ناپسندیدگی کرتے ہوئے میں دفتر  سے باہر  بھی نکل جاتا ہوں 'لیکن اس میں مشکل یہ ہے کہ  اگر مالک آجائے اور مجھے  اپنے کام  کی جگہ  پر  بیٹھا ہوا نہ دیکھے  تو وہ مجھے  برا بھلا کہے  گا اور اگر انہیں اس قسم کی گفتگو کرتے ہوئے  دیکھے  تو وہ بھی کسی شرم وحیا کے بغیر  ان کے ساتھ  شریک گفتگو ہوجائے گا کیونکہ ایسا کئی دفعہ  پہلے بھی ہوچکا ہے۔اس صورت  حال میں مجھےکیا کرنا  چاہیے؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! اگر یہ لوگ  حرام گفتگو  کرتے ہیں اور وعظ ونصیحت  کی صورت میں ان کی  اصلاح ممکن نہیں 'تو آپ  کے لیے یہ واجب ہے کہ  اس ملازمت  کو ترک  کرکے  کوئی اور ملازمت  اختیار کرلیں کیونکہ علیحدگی اختیار  کرنے کی قدرت  کے باوجود گناہ گار وں کے ساتھ  بیٹھنا ان کے  گناہ میں  شریک ہونا' جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ﴿وَقَد نَزَّلَ عَلَیکُم فِی الکِتـٰبِ أَن إِذا سَمِعتُم ءایـٰتِ اللَّہِ یُکفَرُ‌ بِہا وَیُستَہزَأُ بِہا فَلا تَقعُدوا مَعَہُم حَتّیٰ یَخوضوا فی حَدیثٍ غَیرِ‌ہِ ۚ إِنَّکُم إِذًا مِثلُہُم ۗ... ﴿١٤٠﴾... سورةالنساء "اور اللہ نے تم(مومنوں ) پر اپنی کتاب میں(یہ حکم )نازل فرمایا ہے کہ جب تم (کہیں ) سنو  کہ اللہ  کی آیتوں سے انکار  ہورہاہے اور  ان کی ہنسی  اڑائی جارہی ہے تو جب  تک  وہ لوگ  اور باتیں (نہ ) کرنے لگ جائیں ان  کےپاس مت بیٹھو  ورنہ تم بھی ان کے جیسے ہوجاؤ گے۔" اگر ان لوگوں کے حالات میں تبدیلی نہیں آسکتی  توپھر  آپ کے لیے واجب ہے کہ  آپ کوئی دوسری ملازمت تلاش کرلیں تاکہ ان کے  گنا ہ  میں شریک نہ ہوں۔اگر  آپ صدق  دل سے  اس حرام کام سے بھاگنے کی نیت کرلیں تو اللہ تعالیٰ  بھی آپ کےلیے یقیناً آسانی پیدا فرمادے گا جیسا کہ اس نے فرمایا ہے: ﴿وَمَن یَتَّقِ اللَّہَ یَجعَل لَہُ مِن أَمرِ‌ہِ یُسرً‌ا ﴿٤﴾... سورةالطلاق "اور جو کوئی اللہ ست ڈرے گا تو  اللہ اس کےکام  میں سہولت  پیدا کرے گا۔" اور فرمایا : ﴿ وَمَن یَتَّقِ اللَّہَ یَجعَل لَہُ مَخرَ‌جًا ﴿٢﴾ وَیَر‌زُقہُ مِن حَیثُ لا یَحتَسِبُ ۚ...﴿٣﴾... سورةالطلاق "اور جو کوئی اللہ سے ڈرے گا تو وہ اس کے لیے  (رنج  ومحن) سے مخلصی کی صورت پیدا کردےگا اور اسے ایسی جگہ سے  رزق دےگا جو اس  کے وہم وگمان میں بھی نہ ہو۔" ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج4ص327
Flag Counter