Maktaba Wahhabi

1297 - 2029
نسوار اور سگریٹ کا حکم السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ 1۔ کیا سگریٹ اور نسوار حلال ہیں یا حرام ؟ 2۔ اگر حرام ہیں تو کیا سگریٹ نوشی کرنے والے فرد اور نسوار ڈالنے والے فرد کی نماز قبول ہوتی ہے یا نہیں قرآن اورحدیث کی روشنی میں وضاحت فرمائیں؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد!  (1) سگریٹ اور نسوار دونوں حرام ہیں دلائل کے لیے سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز ابن باز حفظہ اللہ تعالیٰ کا اس سلسلے میں فتویٰ با تقویٰ ملاحظہ فرمائیں ۔ ’’سگریٹ پینے ، اس کی بیع اور اس کی تجارت کے متعلق شیخ ابن باز کا فتویٰ :سگریٹ نوشی حرام ہے کیونکہ یہ گندی چیز ہے اور بہت سے نقصانات پر مشتمل ہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے تو اپنے بندوں کے لئے کھانے پینے کی چیزوں میں سے پاکیزہ چیزیں ہی ان پر مباح کی ہیں اور گندی چیزوں کو حرام کیا ہے چنانچہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ فرماتے ہیں  ﴿یَسۡ‍َٔلُونَکَ مَاذَآ أُحِلَّ لَہُمۡۖ قُلۡ أُحِلَّ لَکُمُ ٱلطَّیِّبَٰتُ﴾--مائدة لوگ آپ سے پوچھتے ہیں کہ کیا ان کے لئے حلال کیا گیا ہے آپ کہہ دیجئے کہ پاکیزہ چیزیں تمہارے لئے حلال کی گئی ہیں نیز اللہ تعالیٰ نے سورہ اعراف میں اپنے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی صفت بیان کرتے ہوئے فرمایا : ﴿یَأۡمُرُہُم بِٱلۡمَعۡرُوفِ وَیَنۡہَیٰہُمۡ عَنِ ٱلۡمُنکَرِ وَیُحِلُّ لَہُمُ ٱلطَّیِّبَٰتِ وَیُحَرِّمُ عَلَیۡہِمُ ٱلۡخَبَٰٓئِثَ﴾--الاعراف157 وہ پیغمبر لوگوں کو بھلی باتوں کا حکم دیتا ہے اور بری باتوں سے روکتا ہے اور وہ ان کے لئے پاکیزہ چیزیں حلال کرتا ہے اور گندی چیزیں حرام کرتا ہے۔ اور تمباکو نوشی اپنی تمام قسموں سمیت پاکیزہ چیزوں سے نہیں بلکہ گندی چیزوں سے ہے اسی طرح تمام نشہ آور چیزیں بھی گندی چیزوں سے ہیں تمباکو نہ پینا جائز ہے نہ اس کی بیع جائز اور نہ ہی اس کی تجارت جائز ہے جیسا کہ شراب کی صورت ہے لہٰذا جوشخص سگریٹ پیتا ہے یا اس کی تجارت کرتا ہے اسے جلد ہی اللہ تعالیٰ کے حضور رجوع اور توبہ کرنا گزشتہ فعل پر نادم ہونا اور آئندہ نہ کرنے کا پختہ عزم کرنا چاہئے اور جو شخص سچے دل سے توبہ کرے اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول فرماتا ہے جیسا کہ اللہ عزوجل نے فرمایا ہے : ﴿وَتُوبُوٓاْ إِلَی ٱللَّہِ جَمِیعًا أَیُّہَ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُونَ﴾--نور31 ’’اور اے ایمان والو ! سب کے سب اللہ کے حضور توبہ کرو تا کہ تم فلاح پاؤ‘‘ (2) نماز ہو جاتی ہے قبول ہونے کا اللہ تعالیٰ ہی کو علم ہے البتہ سگریٹ نوش اور نسوارخوار انسان کو مستقل امام نہیں بنا سکتے۔ وباللہ التوفیق احکام و مسائل کھانے پینے کے احکام ج1ص 449
Flag Counter