Maktaba Wahhabi

1434 - 2029
(432) شراب کی فیکٹریوں میں کام کرنا السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ جو مسلمان شراب  یا منشیات  بیچتا ہو'کیا ہم اسے مسلمان کہہ سکتے ہیں یا نہیں؟ جو مسلمان کسی شراب کی فیکٹری میں کام  کرتا ہو کیا اس کے لیے واجب ہے کہ وہ اس کام کو چھوڑدے خواہ  اسے اس کے سوا کوئی دوسرا کام بھی نہ ملے؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! شراب اور دیگر تمام محرمات کو  فروخت کرنا بہت بڑا گناہ ہے 'اسی طرح شراب  کی فیکٹر ی  میں کام کرنا بھی حرام اور منکر کام ہے اور ارشا باری تعالیٰ ہے: ﴿وَتَعاوَنوا عَلَی البِرِّ‌ وَالتَّقویٰ ۖ وَلا تَعاوَنوا عَلَی الإِثمِ وَالعُدو‌ٰنِ ۚ... ﴿٢﴾... سورةالمائدة (اور دیکھو!) تم نیکی  اور پرہیزگاری  کے کاموں میں ایک دوسرے  کی مدد کیا کرو اور گناہ اور ظلم  کے کاموں میں  مدد نہ کیا کرو۔" اور اس میں کوئی شک نہیں کہ شراب 'منشیات اور سگریٹ کی فروخت گناہ اور ظلم کی باتوں میں تعاون ہے'اسی طرح شراب کی فیکٹریوں میں کام کرنا   بھی  گناہ اور ظلم  کی باتوں میں تعاون ہے ۔اور ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿یـٰأَیُّہَا الَّذینَ ءامَنوا إِنَّمَا الخَمرُ‌ وَالمَیسِرُ‌ وَالأَنصابُ وَالأَزلـٰمُ رِ‌جسٌ مِن عَمَلِ الشَّیطـٰنِ فَاجتَنِبوہُ لَعَلَّکُم تُفلِحونَ ﴿٩٠﴾ إِنَّما یُر‌یدُ الشَّیطـٰنُ أَن یوقِعَ بَینَکُمُ العَد‌ٰوَةَ وَالبَغضاءَ فِی الخَمرِ‌ وَالمَیسِرِ‌ وَیَصُدَّکُم عَن ذِکرِ‌ اللَّہِ وَعَنِ الصَّلو‌ٰةِ ۖ فَہَل أَنتُم مُنتَہونَ ﴿٩١﴾... سورةالمائدة "اے ایمان والو! شراب اور جوا اور بت  اور پانسے (یہ سب) ناپاک عمل شیطان (شیطانی کام) میں سے  ہیں سوان سے بچتے رہنا تاکہ نجات پاؤ۔ شیطان چاہتا ہے کہ  شراب اور جوئے کے سبب  تمہارے آپس میں دشمنی  اور رنجش  ڈلوادے  اور تمہیں اللہ کی یاد  سے اور نماز سے روک دے  توتم  کو (ان کاموں سے) باز نہیں رہنا چاہیے۔" صحیح حدیث سے  یہ ثابت ہے کہ  رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم   نے شراب پر 'اس کے پینے والے پر  'نچوڑنے والے پر'جس کے لیے نچوڑی گئی ہو'اس کے اٹھانے  والے پر اور جس کے لیے اٹگا کر لے جائے گئی ہو 'اس کے بیچنے اور خریدنے  والے پر اور اس کی  قیمت  کھانے والے پر لعنت  فرمائی ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے: (ان علی اللہ عہداً ّلمن یشرب المسکر ‘ان یسقیہ من طینة الخبال  قالوا:یارسول اللہ ! وما طینہ الخبال ؟قال : عرق اہل النار او عصارة اہل النار) (صحیح مسلم‘الاشربة ‘باب بیان ان  کل  مسکر  خمر‘وان کل خمر  حرام‘ ح:٢—٢) "اللہ تعالیٰ نے اس بات کا ذمہ لے رکھا ہے  کہ جو شخص  کوئی نشہ آور مشروب پیے گا تو ہ اسے" طینة الخبال  " پلائے گاَصحابہ کرام  رضی اللہ عنہ  نے عرض کیا: یارسول اللہ ! طینة الخبالسے کیا مراد ہے؟ آپ نے فرمایا: اس سے مراد جہنمیوں کا پسینہ  ہے یا آپ نے فرمایا کہ اس سے مراد جہنمیوں کی پیپ ہے ۔" شراب بیچنے والے کے بارے میں حکم یہ ہے کہ  وہ نافرمان 'فاسق اور ناقص الایمان ہے ۔ قیامت کے دن اس کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد  ہے'وہ چاہے تو اسے معاف فرمادے  یا اسے سزا دے' جب کہ وہ توبہ کرنے سے پہلے  مرجائے۔اہلسنت  والجماعت  کا یہی عقیدہ ہے کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿إِنَّ اللَّہَ لا یَغفِرُ‌ أَن یُشرَ‌کَ بِہِ وَیَغفِرُ‌ ما دونَ ذ‌ٰلِکَ لِمَن یَشاءُ ۚ...﴿١١٦﴾... سورةالنساء "اللہ  گناہ کو نہیں بخشے گا کہ کسی کو اس کا شریک بنایا جائے اور اس  کے سوا اور گناہ جس کو  چاہیے معاف کردے ۔" یہ حکم اس صورت میں ہے کہ ' جب وہ شراب بیچنے کو حلال نہ سمجھتا ہو اور اگر وہ  اسے حلال سمجھتا ہو  تو پھر وہ کافر ہے  اور اس صورت میں اگر وہ مرجائے تو تمام علماء کےنزدیک  نہ اسے غسل  دیا جائے گا اورنہ اس کا جنازہ پڑھا جائے گا کیونکہ اس صورت میں  اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تکذیب کرنے  والا ہے۔  اس طرح جو شخص زنا یا لواطت یا سود  یا دیگر  متفق علیہ محرمات  مثلاً والدین کی نافرمانی 'قطع رحمی اور ناحق  قتل کو حلال سمجھے تو  اس کے بارے میں بھی یہی حکم ہے  اور اگر   کوئی شخص ان میں سے  کسی کام کو کرے اور یہ سمجھے  کہ یہ حرام ہے  اور اس کےکرنے  سے وہ اللہ تعالیٰ کا نافرمان ہے ۔اس سے وہ کافر نہیں ہوگا بلکہ فاسق ہوگا اور اگر  موت سے پہلے  توبہ نہ کرے  تو آخرت میں اس  کا معاملہ اللہ کے سپرد  ہوگا  جیسا کہ قبل ازیں شرابی کے بارے میں حکم بیان کیا جاچکا ہے۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج4ص332
Flag Counter