Maktaba Wahhabi

1446 - 2029
(598) آپس میں شرط لگانے کے بارے میں حکم السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ بعض لوگ آپس میں شرط لگا لیتے ہیں اور اسے حق کے نام سے موسوم کرتے ہیں ، اس کے بارے میں کیا حکم ہے ؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! آپس میں شرط لگانے کی صورت بہت سے لوگوں کومعلوم ہے جو یہ ہے کہ جب دو آدمیوں کا کسی چیزکے بارے میں اختلاف ہوتا ہے توان میں سے ایک دوسرےکو کہتا ہے کہ اگر میری بات صحیح ہوئی تو آپ مجھے اس قدر رقم ادا کریں گے ، جس کاوہ نام لے کر باقاعدہ تعین کردیتا ہے اور اگر آپ کی بات صحیح ہوگی تو اتنی رقم میں آپ کو ادا کردوں گا ۔ یہ صورت حرام ہے کیونکہ یہی وہ جوا ہے ، جس کا اللہ تعالی نے شراب کے ساتھ اس طرح ذکر فرمایا ہے : ﴿یـٰأَیُّہَا الَّذینَ ءامَنوا إِنَّمَا الخَمرُ‌ وَالمَیسِرُ‌ وَالأَنصابُ وَالأَزلـٰمُ رِ‌جسٌ مِن عَمَلِ الشَّیطـٰنِ فَاجتَنِبوہُ لَعَلَّکُم تُفلِحونَ ﴿٩٠﴾ إِنَّما یُر‌یدُ الشَّیطـٰنُ أَن یوقِعَ بَینَکُمُ العَد‌ٰوَةَ وَالبَغضاءَ فِی الخَمرِ‌ وَالمَیسِرِ‌ وَیَصُدَّکُم عَن ذِکرِ‌ اللَّہِ وَعَنِ الصَّلو‌ٰةِ ۖ فَہَل أَنتُم مُنتَہونَ ﴿٩١﴾... سورةالمائدة ’’اے ایمان والو ! شراب اور جوا اور بت او رپانسے ( یہ سب )  ناپاک کام اعمال شیطان سے ہیں ، سو ان سے بچتے رہنا تاکہ تم نجات پاؤ ۔شیطان تو یہ چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے سبب تمہارے آپس میں دشمنی اور رنجش ڈلوا دے اور تمہیں اللہ کی یاد سے اور نماز سے روک دے تو تم کو (ان کاموں سے )باز رہنا چاہیے ۔‘‘ لہذا یہ جوا حرام ہے اور بعض لوگ اگر اسے ’’حق ‘‘ کے نام سے موسوم کرتے ہیں تو اس کی قباحت میں اور بھی اضافہ ہو جاتاہے  ۔ کیونکہ انہوں نے باطل کو حق کا نام دیا ، اس کانام تبدیل کردیا اور اس پر حلال ہونے کا رنگ چڑھادیا ، لہذا یہ لوگ اپنے اس طرز میں جھوٹے اور دغا باز ہیں ۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ہمیں سلامتی اور عافیت عطا فرمائے ۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج4ص456
Flag Counter