Maktaba Wahhabi

1450 - 2029
کیا یہ حرام ہے ؟ السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ بحوث علمیہ و افتاء کی فتوی کمیٹی نے اس استفتاء کا جائزہ لیا جوسماحۃ الرئیس العام کی خدمت میں انجمن کبار علماء کے سکرٹریٹ کی طرف سے ( حوالہ : 2225۔2) بھیجا گیا ہے اور سوال یہ ہے کہ کچھ اجنبی لوگوں نے مظاہرے کیے تو سیکورٹی فورسز نے انہیں گرفتار کر لیا اور مجاز اتھارٹی نے ان کےمکانات گرادینےکاحکم دیا ، جس کی وجہ سے ان کا کچھ سامان ادھر ادھر بکھر گیا ، جسے بعض لوگوں نے لےلیا تو کیا یہ سامان لے لینے کی وجہ سے کسی کو گناہ تو نہیں ہوگا ؟ کیا یہ سامان لینا حرام ہے ؟اگر کسی نے یہ سامان اٹھالیا ہو اور اب وہ اس کے مالک سے معاف کروانا چاہتا ہو تو اس کی کیا صورت ہے ۔ فتوی عطا فرماکر شکریہ کا موقع بخشیں ؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! اصول یہ ہے کہ مسلمان خون ، مال اورعزت و آبرو کے اعتبا ر سے واجب الاعتبار ہے ۔کسی کے لیے ناحق دست درازی کرناجائزنہیں ہے ،کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع میں خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا تھا: «فَإِنَّ دِمَاءَکُمْ وَأَمْوَالَکُمْ وَأَعْرَاضَکُمْ بَیْنَکُمْ حَرَامٌ کَحُرْمَةِ یَوْمِکُمْ ہَذَا، فِی بَلَدِکُمْ ہَذَا، فِی شَہْرِکُمْ ہَذَا، (صحیح البخاری ،الحج ، باب الخطبة ایام منی ،ح : 1739 وصحیح مسلم ، الحج باب حجة النبی صلی اللہ علیہ وسلم ، ح : 1218 ) ’’بےشک تمہارے خون ،تمہارے اموال اورتمہاری عزتیں تمہارے لیے اس طرح ناقابل احترام ہیں ، جس طرح یہ دن ،یہ شہر اور یہ مہینہ قابل احترام ہے ۔ اسی طرح مال کے بارے میں آپ نے فرمایا ہے : لَا یَحِلُّ مَالُ امْرِئٍ إِلَّا بِطِیبِ نَفْسٍ مِنْہُ، (السنن الکبری للبیہقی : 6؍100 ، 8؍182 ومجمع الزوائد : 4؍172) ’’ کسی مسلمان شخص کا مال حلال نہیں ہے الا یہ کہ وہ خود خوش دلی سے دے دے ۔‘‘ نیز آپ نے فرمایا ہے : کُلُّ الْمُسْلِمِ عَلَی الْمُسْلِمِ حَرَامٌ: دَمُہُ، وَمَالُہُ، وَعِرْضُہُ " (صحیح مسلم ،البر والصلة ، باب تحریم ظلم المسلم ۔۔الخ ، ح : 2564) ’’ہر مسلمان کا خون، اس کامال اوراس کی عزت دوسرے مسلمان پرحرام ہے ۔‘‘ آپ نے جو صورت ذکر کی ہے کہ بعض لوگوں نےمظاہرہ کیا اور انتظامیہ نےان کے مکانات کو گرانے کاحکم دےدیا تو اس صورت میں لوگوں کے لیے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ ان کےمال و اسباب کو لوٹ لیں ۔ جس کسی نے بھی ان کےمال کو لوٹا تووہ ظالم ،سرکش اور گناہ گار شمار ہوگا ،لہذاجس کسی نے ان کامال لیا ہو تو اسے چاہیےکہ وہ فورا توبہ و استغفار کرے اوراس شخص کو مال واپس لوٹا دےجس کےگھر سےاس نےاسےلیاہو کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا ہے : "من کانت لہ مَظْلِمةٌ لأخیہ من عِرضہ أو شیءِ، فلیتحللہ منہ الیوم قبل أن لا یکون دینارٌ ولا درہمٌ، وإن کان لہ عمل صالحٌ أُخِذَ منہ بقدر مظلمتہ، وإن لم تکن لہ حسنات أخذ من سیئات صاحبہ فحمل علیہ".(صحیح البخاری ، المظالم ،باب من کان لہ مظلمة عند رجل ۔۔ الخ ، ح 2449 ) ’’جس کسی نے اپنے بھائی کی آ برو ریزی یا کسی بھی شکل میں اس پرزیادتی کی ہو تو اسے آج ہی معاف کروالے قبل اس کے کہ وہ دن آئےجب اس کے پاس کوئی دینار ہوگا اور نہ درہم البتہ اگر اس کے پاس عمل صالح ہواتو وہ اس کے ظلم کےبقد اس سے لے لیاجائے گا اور اگر اس کے پاس نیکیاں ہوئیں تواس کے ساتھی کی برائیوں کو لے کر اس پر ڈال دیاجائے گا ۔‘‘ اگر پوری تحقیق و جستجو اوران لوگوں کےبارے میں سوال کرنےکےباوجود ،جن کا مال لیا ، ان کےبارے میں علم ہونا اور ان تک مال پہنچانامشکل ہو تو پھر اس مال یا اس کی قیمت کو صدقہ کر دیا جائے ۔ اگر بعد میں ان لوگوں کا علم ہو جائے تو انہیں ساری صورت حال بتادی جائے ۔اگر وہ اس پر راضی ہو جائیں تو ٹھیک ورنہ اس کا تاوان اپنےپاس سے ادا کرے ۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج4ص539
Flag Counter