Maktaba Wahhabi

1834 - 2029
رشوت اوراس کےنقصانات السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ رشوت اوراس کےنقصانات  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! رشوت اوراس کےنقصانات عبدالعزیزبن عبداللہ بن بازکی طرف سےاپنےمسلمان بھائیوں میں سےہراس شخص کےنام جواسےدیکھےیاسنے،اللہ تعالیٰ مجھےاورانہیں صراط مستقیم پرچلنےکی توفیق عطافرمائےاورمجھےاورانہیں عذاب جہنم سےبچائے! السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ امابعد: جن چیزوں کواللہ تعالیٰ نےحرام قراردیااورنہایت سختی کےساتھ حرام قراردیا،ان میں سےایک رشوت بھی ہے،رشوت یہ ہےکہ اپنی کسی ایسی مصلحت کےپوراکرنےکےلئےکسی ایسےذمہ دارشخص کی مذمت میں مال پیش کرناجس پراس مال کےبغیراسےپوراکرناواجب تھااوراگررشوت دینےسےمقصوداپنےحق کاحصول نہیں،بلکہ اس سےمقصودکسی حق کاابطال یاکسی باطل کااحقاق یاکسی پرظلم کرناہوتوپھراس کی حرمت اوربھی زیادہ ہوجاتی ہے۔ ابن عابدین (شامی) رحمۃ اللہ علیہ نےاپنے’’حاشیہ‘‘میں لکھا ہےکہ رشوت وہ ہے جسے ایک شخص کسی حاکم وغیرہ کوا س لئے دیتا ہے تاکہ وہ اس کے حق میں فیصلہ کردےیا اسے وہ ذمہ داری دے دے جسے وہ چاہتا ہے،انہوں نے اس تعریف کے ساتھ یہ واضح کیا ہے کہ رشوت عام ہے خواہ مال ہو یا کسی اورطرح کی منفعت اور‘‘حاکم’’سے مراد (جج) ہے اور‘‘وغیرہ ’’سےمراد وہ شخص جس کے ہاں رشوت دینے والے کی مصلحت پوری ہوسکتی ہو خواہ اس کا تعلق حکمرانوں سے ہو یا سرکاری ملازمین سے یا خاص اعمال بجالانے والے ذمہ داروں سے مثلاً تاجروں ،کمپنیوں اورجاگیرداروں وغیرہ کے نمائندے وغیرہ ‘‘فیصلہ’’سے مراد یہ ہے کہ رشوت لینے والا رشوت دینے والے کی مرضی کے مطابق فیصلہ کردے تاکہ رشوت دینے والے کا مقصد پوراہوجائے خواہ وہ حق پرہو یا باطل پر۔ برادران اسلام!رشوت ان کبیرہ گناہوں میں سے ہے جنہیں اللہ تعالی نے اپنے بندوں پر حرام قراردیا ہےاوررسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر لعنت فرمائی ہےلہذا واجب ہے کہ اس خود بھی اجتناب کیا جائے اورلوگوں کو بھی اس سے اجتناب کی تلقین کی جائے کیونکہ یہ فساد عظیم ،گناہ کبیرہ اوربھیانک نتائج کا سبب بنتی ہے ،یہ گناہ اورظلم کی ان باتوں سے ہے،جن پر تعاون کرنے سے اللہ تعالی نے منع فرمایا ہے: ﴿وَتَعَاوَنُوا عَلَی الْبِرِّ‌ وَالتَّقْوَیٰ ۖ وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَی الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ (المائدۃ۲/۵) ‘‘اور (دیکہو) نیکی اور پرہیز گاری کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کیا کرو اور گناہ اور ظلم کی باتوں میں مدد نہ کیا کرو۔’’ اللہ تعالی نے باطل طریقے سے لوگوں کے مال کھانے سے منع فرمایاہے: ﴿یَا أَیُّہَا الَّذِینَ آمَنُوا لَا تَأْکُلُوا أَمْوَالَکُم بَیْنَکُم بِالْبَاطِلِ إِلَّا أَن تَکُونَ تِجَارَ‌ةً عَن تَرَ‌اضٍ مِّنکُمْ (النساء۴/۲۹) ‘‘اے ایمان والو!ایک دوسرے کا مال نا حق نہ کھاو ہاں اگر باھم رضامند ی سے تجارت کا لین دین ہو (اوراس سے مالی فائدہ ہوجائے تووہ جائز ہے ۔) ’’ اورفرمایا: ﴿وَلَا تَأْکُلُوا أَمْوَالَکُم بَیْنَکُم بِالْبَاطِلِ وَتُدْلُوا بِہَا إِلَی الْحُکَّامِ لِتَأْکُلُوا فَرِ‌یقًا مِّنْ أَمْوَالِ النَّاسِ بِالْإِثْمِ وَأَنتُمْ تَعْلَمُونَ(البقرہ۲/۱۸۸) ’’اورایک دوسرے کا مال نا حق نہ کھاواورنہ اس کو (رشوت کے طورپر) حاکموں کے پاس پہنچاوتاکہ لوگوں کے مال کا کچھ حصہ ناجائز طورپرکھاجاواور (اسے) تم جانتے بھی ہو۔‘‘ رشوت،باطل طریقے سے مال کھانے کی صورتوں میں سے انتہائی بدترین صورت ہے کیونکہ اس میں دوسرے انسان کو مال اس لئے دیا جاتا ہے تاکہ اسے حق سے منحرف کردیا جائے۔رشوت دینا ،لینا اوردرمیان میں معاملہ کروانا سب حرام ہےاورنبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہےکہ‘‘رشوت لینے والے،دینے والے اوردونوں کے درمیان واسطہ بننے والے پر اللہ تعالی کی لعنت ہے۔’’ (احمد ،طبرانی) اللہ تعالی کی طرف سے لعنت کے معنی اس کے فیضان رحمت سے دھنکارنے اوردورکردینے کے ہیں۔۔۔نعوذباللہ من ذلک۔۔۔اوریہ سزاکسی کبیرہ گناہ ہی کی ہوسکتی ہے ،رشوت کا تعلق ان حرام کاموں سے ہے جن کی حرمت کا قرآن میں بھی ذکر ہے اورسنت میں بھی اورحرام کھانے کی وجہ سے اللہ تعالی نے یہودیوں کی مذمت کی اوراسےان کی بہت بڑی برائی قراردیا ہے،چنانچہ فرمایا: ﴿سَمَّاعُونَ لِلْکَذِبِ أَکَّالُونَ لِلسُّحْتِ (المائدہ۵/۴۲) ‘‘ (یہ) جھوٹی باتیں بنانے کے لئے جاسوسی کرنے والے اور (رشوت کا) حرام مال کھانے والے ہیں۔’’ اورفرمایا: ﴿وَتَرَ‌یٰ کَثِیرً‌ا مِّنْہُمْ یُسَارِ‌عُونَ فِی الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَأَکْلِہِمُ السُّحْتَ ۚ لَبِئْسَ مَا کَانُوا یَعْمَلُونَ (المائدہ۵/۶۲) ‘‘اورتم دیکھوگے کہ ان میں سے اکثر گناہ،زیادتی اورحرام کھانے میں جلدی کررہے ہیں بےشک یہ جو کچھ کرتے ہیں براکرتے ہیں۔’’ نیزفرمایا: ﴿لَوْلَا یَنْہَاہُمُ الرَّ‌بَّانِیُّونَ وَالْأَحْبَارُ‌ عَن قَوْلِہِمُ الْإِثْمَ وَأَکْلِہِمُ السُّحْتَ ۚ لَبِئْسَ مَا کَانُوا یَصْنَعُونَ(المائدہ۶۳/۵) ‘‘بھلا ان کے مشائخ اور علماء انہیں گناہ کی باتوں اور حرام کھانے سے منع کیوں نہیں کرتے؟بلاشبہ وہ بھی برا کرتے ہیں۔’’ مزید فرمایا: ﴿فَبِظُلْمٍ مِّنَ الَّذِینَ ہَادُوا حَرَّ‌مْنَا عَلَیْہِمْ طَیِّبَاتٍ أُحِلَّتْ لَہُمْ وَبِصَدِّہِمْ عَن سَبِیلِ اللَّـہِ کَثِیرً‌ا ﴿١٦٠ وَأَخْذِہِمُ الرِّ‌بَا وَقَدْ نُہُوا عَنْہُ وَأَکْلِہِمْ أَمْوَالَ النَّاسِ بِالْبَاطِلِ (النساء۴/۱۶۰۔۱۶۱) ‘‘توہم نے یہودیوں کے ظلموں کے سبب (بہت سی) پاکیزہ چیزیں جو ان کے لئے حلال تھیں ،حرام کردیں اوراس سبب سے بھی کہ وہ اکثر اللہ کے رستے سے (لوگوں کو) روکتے تھے اوراس سبب سے بھی کہ باوجود منع کئے جانے کے سودلیتے تھے اوراس سبب سے بھی کہ لوگوں کا مال ناحق کھاتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔’’ بہت سی احادیث مبارکہ میں اس حرام چیز سے اجتناب کرنے کی تلقین کی گئی ہے اوراس کا ارتکاب کرنے والوں کے بھیانک انجام کو بھی بیان کیا گیا ہے مثلاً ابن جریرؒ نے ابن عمررضی اللہ عنہ سے مروی یہ حدیث بیان کی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:‘‘جو گوشت مال حرام سے پیدا ہوا ہو ،جہنم کی آگ ہی اس کے لئے زیادہ مستحق ہے’’عرض کیا گیا ‘‘مال حرام سے کیا مراد ہے ؟’’توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا‘‘فیصلہ کرنے کے لئے رشوت قبول کرنا ۔’’امام احمد نے حضرت عمروبن عاص رضی اللہ عنہ کی یہ حدیث روایت کی ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشادفرماتے ہوئے سنا کہ ‘‘جس قوم میں سود عام ہوجائے تو وہ قحط سالی میں مبتلا ہوجاتی ہےاورجس قوم میں رشوت عام ہوجائے ،اس پر دشمن کا رعب طاری ہوجاتا ہے۔’’طبرانی نے ابن مسعود کا یہ قول ذکر کیا ہے کہ ‘‘حرام یہ ہے کہ قرض کے لئے رشوت طلب کی جائے’’ابو محمد الدین ابن قدامہ نے ‘‘المغنی’’میں لکھا ہے کہ حسن اورسعید بن جبیرنےأَکَّالُونَ لِلسُّحْتِکی تفسیر میں فرمایا ہے کہ اس سے مراد رشوت ہے ،ابن قدامہ نے مزید لکھا ہے کہ قاضی اگررشوت قبول کرے تو رشوت اسے کفر تک پہنچادیتی ہے کیونکہ وہ گویا اللہ تعالی کے نازل کردہ حکم کے بغیر کسی اورحکم کے مطابق فیصلہ کرنے کے لئے تیار ہے اورجوشخص اللہ تعالی کے نازل کردہ حکم کے بغیر فیصلہ کرے تووہ کافر ہے۔ امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سےمروی یہ حدیث بیان کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ‘‘بے شک اللہ تعالی پاک ہے اوروہ پاک ہی کو قبول کرتا ہے’’اوراللہ تعالی نے مومنوں کو بھی وہی حکم دیا ہےجواس نے اپنےرسولوں کودیا تھا: ﴿یَا أَیُّہَا الرُّ‌سُلُ کُلُوا مِنَ الطَّیِّبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا(المومنون۲۳/۵۱) ‘‘اے پیغمبرو!پاکیزہ چیزیں کھاواورعمل نیک کرو۔’’ اور (مومنوں کو حکم دیتے ہوئے ) فرمایا: ﴿یَا أَیُّہَا الَّذِینَ آمَنُوا کُلُوا مِن طَیِّبَاتِ مَا رَ‌زَقْنَاکُمْ(البقرۃ۲/۱۷۲) ‘‘اےاہل ایمان جو پاکیزہ چیزیں ہم تم کو عطافرمائی ہیں،ان کو کھاو۔’’ پھر آپؐ نے ایک آدمی کا ذکر کیا جو بہت لمباسفرکرتا ہے،پراگندہ حال اورغبارآلودہے،اپنے دونوں ہاتھ آسمان کی طرف اٹھا کر دعاکرتا ہے یارب!یارب!لیکن اس کاکھانا حرام ہے ،اس پیناحرام ہے،اس کا لباس حرام ہے،حرام مال ہی سے اس کی پرورش ہوئی تواس آدمی کی دعاکیسے قبول ہو؟ اے مسلمانو!اللہ سے ڈرو،اس کی نارضگی سے بچو،اس کے غضب کے اسباب سے اجتناب کروکہ جب اللہ تعالی کے حرام کردہ امور کا ارتکاب کیا جائے تووہ بہت غیور ہے اورصحیح حدیث میں ہے کہ ‘‘اللہ تعالی سے بڑھ کرکوئی اورزیادہ غیرت والا نہیں’’لہذا تم اپنےآپ کو اوراپنے اہل وعیال کو مال حرام اوراکل حرام سے بچاو،اپنے آپ کو اوراپنےاپنے اہل وعیال کو جہنم کی آگ سے بچاو،جو اس گوشت کی زیادہ مستحق ہے جو حرام سےپیدا ہوا ہے۔حرام کھانا دعاکی قبولیت میں حجاب بن جاتا ہے جیساکہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی حدیث سے ثابت ہوتا ہے جو صحیح مسلم کے حوالہ سے ذکر کی گئی ہے نیز طبرانی میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے  رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اس آیت کی تلاوت کی : ﴿یَا أَیُّہَا النَّاسُ کُلُوا مِمَّا فِی الْأَرْ‌ضِ حَلَالًا طَیِّبًا(البقرۃ۲/۱۶۸) ‘‘لوگوجوچیزیں زمین میں حلال طیب ہیں،وہ کھاؤ۔’’ توسعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے عرض کیا ‘‘یارسوا اللہ!دعافرمائیے کہ اللہ تعالی مجھے مستجاب الدعوات بنادے۔’’تونبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا‘‘اے سعد!اپنا کھانا پاک کرلومستجاب الدعوۃبن جاو گے،اس ذات گرامی کی قسم!محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی جان جس کے ہاتھ میں ہے کہ بندہ جب ایک حرام لقمہ اپنے پیٹ میں ڈالتا ہے تو چالیس دن تک اس کا کوئی عمل قبول نہیں ہوتا اورجس بندے کا گوشت مال حرام سے پلا بڑھا ہو،جہنم کی آگ ہی اس کے زیادہ مستحق ہے۔‘‘ اس حدیث کو حا فظ ابن رجب رحمۃ اللہ علیہ نے‘‘جامع العلوم والحکم’’میں امام طبرانی رحمۃ اللہ علیہ کے حوالہ سے ذکر فرمایا ہے،اس سے معلوم ہوا کہ کھانے کا پاک نہ ہونا اوررزق کا حلال نہ ہونا قبولیت دعامیں مانع ہے اوردعا کے دربارالہی تک پہنچنے میں حجاب ہے اورحرام کھانے والے کے لئے کہ کس قدروبال اورخسارے کا سوداہے ۔ نعوذباللہ من ذلک۔ اللہ تعالی نے ہمیں یہ حکم دیا ہے کہ اپنےآپ کو اوراپنے اہل وعیال کو جہنم کی آگ سے بچاؤ یعنی جہنم کی آگ ،اللہ تعالی کے عذاب اوردیگر دردناک سزاوں سے خود بھی نجات حاصل کرواورپنے اہل وعیال کوبھی اس سے نجات دلاو: ﴿یَا أَیُّہَا الَّذِینَ آمَنُوا قُوا أَنفُسَکُمْ وَأَہْلِیکُمْ نَارً‌ا وَقُودُہَا النَّاسُ وَالْحِجَارَ‌ةُ عَلَیْہَا مَلَائِکَةٌ غِلَاظٌ شِدَادٌ لَّا یَعْصُونَ اللَّـہَ مَا أَمَرَ‌ہُمْ وَیَفْعَلُونَ مَا یُؤْمَرُ‌ونَ﴾ (التحریم۶۶/۶) ‘‘اے اہل ایمان!اپنےآپ کو اوراپنے اہل وعیال کو (آتش) جہنم سے بچاوجس کا ایندھن آدمی اورپتھر ہیں اورجس پر سخت دل اورسخت مزاج فرشتے (مقرر) ہیں اللہ تعالی انہیں جو حکم دیتا ہے اس کی نافرمانی نہیں کرتےاوروہ جو حکم دئیے جاتے ہیں بجالاتے ہیں۔’’ مسلمانو!اپنے رب کے اس فرمان پر لبیک کہو،اس کے امر کی اطاعت بجالاو،اس کی نہی سے اجتناب کرواوراس کےغضب کے اسباب سے بچو،دنیا وآخرت میں شادکام ہو جاوگے،ارشادباری تعالی ہے: ﴿یَا أَیُّہَا الَّذِینَ آمَنُوا اسْتَجِیبُوا لِلَّـہِ وَلِلرَّ‌سُولِ إِذَا دَعَاکُمْ لِمَا یُحْیِیکُمْ ۖ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّـہَ یَحُولُ بَیْنَ الْمَرْ‌ءِ وَقَلْبِہِ وَأَنَّہُ إِلَیْہِ تُحْشَرُ‌ونَ ﴿٢٤﴾ وَاتَّقُوا فِتْنَةً لَّا تُصِیبَنَّ الَّذِینَ ظَلَمُوا مِنکُمْ خَاصَّةً ۖ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّـہَ شَدِیدُ الْعِقَابِ (الانفال۸/۲۴۔۲۵) ‘‘مومنو!اللہ اوراس کےرسول کا حکم قبول کروجب کہ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) تمہیں ایسے کام کے لئے بلاتے ہیں جو تم کو زندگی (جاوداں) بخشتا ہے اورجان رکھو کہ اللہ تعالی،آدمی اوراس کے دل کے درمیان حائل ہوجاتا ہے اوریہ بھی کہ تم سب اس کے روبروجمع کئے جاوگےاوراس فنتے سے ڈرو جو خصوصیت کے ساتھ انہی لوگوں پر واقع نہ ہوگاجوتم میں گناہ گارہیں اورجان رکھو کہ اللہ تعالی سخت عذاب دینے والا ہے۔’’ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اورآپ کو ان لوگوں میں سے بنادے جو بات سنتے ہیں تو اچھی بات کی پیروی کرتے ہیں ،جو نیکی وتقوی کے کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں،کتاب اللہ اورسنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دامن کو مضبوطی سے تھام لیتے ہیں۔اللہ تعالی ہمیں اورآپ کو اپنے نفسوں کی شرارتوں اوربرے عملوں سے بچائے،اپنے دین کی مددفرمائے،اپنے کلمہ کوسربلندی نصیب کرے اورہمارے حکمرانوں کو ہر اس بت کی توفیق بخشے جس میں بندوں اورشہروں کی بھلائی اوربہتری ہو،بےشک وہی کارسازوقادرہے ۔والسلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ     مقالات وفتاویٰ ابن باز صفحہ 324 محدث فتویٰ
Flag Counter