Maktaba Wahhabi

2007 - 2029
بینکوں کے حصص کی خریداری السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ بینکوں کے حصص کو خریدنا اور پھر انہیں ایک مدت کے بعد فروخت کر دینے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جس میں ایک ہزار مثلا تین ہزار کے بھی بن جاتے ہیں، کیا یہ سود شمار ہو گا؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! بینکوں کے حصص کی خریدوفروخت جائز نہیں ہے کیونکہ یہ تساوی اور تقابض کی شرط کے بغیر نقود کی نقود کے ساتھ بیع ہے اور پھر یہ سودی ادارے ہیں۔ لہذا ان سے تعاون اور خریدوفروخت جائز نہیں ہے کہ ارشاد باری  تعالیٰ ہے: ﴿وَتَعاوَنوا عَلَی البِرِّ‌ وَالتَّقویٰ ۖ وَلا تَعاوَنوا عَلَی الإِثمِ وَالعُدو‌ٰنِ...٢﴾.... سورة المائدة "اور نیکی اور پیرہیز گاری کے کاموں میں تم ایک دوسرے کی مدد کیا کرو اور گناہ اور ظلم کی باتوں میں مدد نہ کیا کرو۔" اور حدیث سے ثابت ہے کہ "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےسود کھانے والے، کھلانے والے، لکھنے والے اور دونوں گواہی دینے والوں پر لعنت کی اور فرمایا: (ہم سواء) (صحیح مسلم‘ المساقاة‘ باب لعن آکل الربا ومؤکلہ‘ ح: 1598) "یہ سب گناہ میں برابر ہیں۔" آپ ان بینکوں سے صرف اپنا اصل سرمایہ لے سکتے ہیں۔ آپ کو اور دیگر تمام مسلمانوں کو میری نصیحت یہ ہے کہ خود بھی سودی معالات سے بچیں اور دوسروں کو بھی ان سے بچائیں، سابقہ کو تاہیوں سے اللہ تعالیٰ کے سامنے توبہ کریں کیونکہ سودی معاملات تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے جنگ ہے اور اس کے غضب و عذاب کا سبب جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿الَّذینَ یَأکُلونَ الرِّ‌بو‌ٰا لا یَقومونَ إِلّا کَما یَقومُ الَّذی یَتَخَبَّطُہُ الشَّیطـٰنُ مِنَ المَسِّ ۚ ذ‌ٰلِکَ بِأَنَّہُم قالوا إِنَّمَا البَیعُ مِثلُ الرِّ‌بو‌ٰا ۗ وَأَحَلَّ اللَّہُ البَیعَ وَحَرَّ‌مَ الرِّ‌بو‌ٰا ۚ فَمَن جاءَہُ مَوعِظَةٌ مِن رَ‌بِّہِ فَانتَہیٰ فَلَہُ ما سَلَفَ وَأَمرُ‌ہُ إِلَی اللَّہِ ۖ وَمَن عادَ فَأُولـٰئِکَ أَصحـٰبُ النّارِ‌ ۖ ہُم فیہا خـٰلِدونَ ﴿٢٧٥ یَمحَقُ اللَّہُ الرِّ‌بو‌ٰا وَیُر‌بِی الصَّدَقـٰتِ ۗ وَاللَّہُ لا یُحِبُّ کُلَّ کَفّارٍ‌ أَثیمٍ ﴿٢٧٦﴾... سورة البقرة "جو لوگ سود کھاتے ہیں وہ (قبروں سے) اس طرح (حواس باختہ) اٹھیں گے جیسے کسی کو جن نے لپٹ کر دیوانہ بنا دیا ہو، یہ اس لیے کہ وہ کہتے ہیں کہ سودا بیچنا بھی تو (نفع کے لحاظ سے) ویسا ہی ہے جیسے سود (لینا) حالانکہ سودے کو اللہ نے حلال کیا ہے اور سود کو حرام۔ تو جس شخص کے پاس اللہ کی نصیحت پہنچی اور وہ (سود لینے سے) باز آ گیا تو جو پہلے ہو چکا وہ اس کا، اور (قیامت میں) اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے اور جو پھر لینے لگا تو ایسے لوگ دوزخی ہیں، وہ ہمیشہ دوزخ میں رہیں گے۔ اللہ سود کو مٹاتا (بے برکت کرتا) اور خیرات (کی برکت) کو بڑھاتا ہے، اور اللہ کسی ناشکرے گناہ گار کو دوست نہیں رکھتا۔" اور فرمایا: ﴿یـٰأَیُّہَا الَّذینَ ءامَنُوا اتَّقُوا اللَّہَ وَذَر‌وا ما بَقِیَ مِنَ الرِّ‌بو‌ٰا إِن کُنتُم مُؤمِنینَ ﴿٢٧٨ فَإِن لَم تَفعَلوا فَأذَنوا بِحَر‌بٍ مِنَ اللَّہِ وَرَ‌سولِہِ ۖ وَإِن تُبتُم فَلَکُم رُ‌ءوسُ أَمو‌ٰلِکُم لا تَظلِمونَ وَلا تُظلَمونَ ﴿٢٧٩﴾... سورة البقرة "اے مومنو! اللہ سے ڈرو اور اگر ایمان رکھتے ہو تو جتنا سود باقی رہ گیا ہے اس کو چھوڑ دو، اگر ایسا نہ کرو گے تو خبردار ہو جاؤ (کہ تم) اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرنے کے لیے (تیار ہوتے ہو)۔ اور اگر توبہ کر لو گے (اور سود چھوڑ دو گے) تو تم کو اپنی اصلی رقم لینے کا حق ہے جس میں نہ اوروں کا نقصان ہو اور نہ تمہارا نقصان۔" ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج2 ص518 محدث فتویٰ
Flag Counter