Maktaba Wahhabi

657 - 2029
داڑھی کا اوپر نیچے خط کرنا سنت ہے کہ نہیں؟ السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ داڑھی کا اوپر نیچے خط کرنا سنت ہے کہ نہیں؟ علامہ البانی ۴ انگلی سے زیادہ کاٹنے کے حق میں صحابہ سے بھی دلائل دیتے ہیں کیا یہ درست ہے؟ براہِ مہربانی قرآن و سنت کی روشنی میں راہنمائی فرمائیں۔   (محمد امجد ، میر پور آزاد کشمیر)  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! طول و عرض سے اخذ و تراش والی روایت کمزور ہے امام بخاری … رحمہ اللہ الباری … نے عمر بن ہارون کی اس روایت کو بے اصل قرار دیا ہے۔ خود شیخ البانی … رحمہ اللہ تعالیٰ … اس کو اپنی تصانیف میں ضعیف و منکر قرار دے چکے ہیں۔  رہا بعض صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کا عمل تو اس سلسلہ میں اصولی بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ صحابہ کرامرضوان اللہ علیھم اجمعین کا یہ مقام نہیں کہ وہ معصوم ہیں خطا ان سے سرزد ہوتی ہی نہیں۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کا مقام یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی تمام خطائیں معاف کردی ہیں۔ قرآنِ مجید میں ہے: [آل عمران: ۱۵۲]وَلَقَدْ عَفَا عَنْکُمْ ’’ اور بے شک اللہ نے تمہیں معاف کردیا۔ ‘‘حدیث قدسی میں بدریوں رضوان اللہ علیھم اجمعین کے متعلق اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:  ((اِعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ قَدْ غَفَرْتُ لَکُمْ۔)) 1[ ’’ تم جو چاہو عمل کرو میں نے تمہیں معاف کردیا ہے۔ ‘‘ ] تو رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی  رضی اللہ عنہ کا قول و عمل دین میں حجت و دلیل نہیں بنتا۔ رہی تفسیر والی بات تو اس سے بھی صحابی  رضی اللہ عنہ کے قول اور عمل کا حجت و دلیل ہونا نہیں نکلتا۔ دیکھئے ایک صحابی  رضی اللہ عنہ نے اللہ تعالیٰ کے قول: {وَمَنْ یَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا ط [النسآئ:۹۳]} [ ’’ اور جو شخص کسی مؤمن کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اس کی سزا جہنم ہے۔ ‘‘]  الآ یہ کی  تفسیر فرمائی ہے کہ قاتل بالعمد کی توبہ نہیں۔ پھر یہی صحابی  رضی اللہ عنہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان :  (( إِنَّمَا الْمَآئُ مِنَ الْمَآئِ۔)) 2[ ’’ پانی سے پانی واجب ہوتا ہے۔ ‘‘ ] کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ یہ احتلام کے ساتھ مخصوص تھا۔ نیز ایک صحابی  رضی اللہ عنہ نے اللہ تعالیٰ کے قول: {فَأْتُوْا حَرْثَکُمْ اَنّٰی شِئْتُمْ ط [البقرۃ:۲۲۳ [’’ عورتیں تمہاری کھیتیاں ہیں لہٰذا جیسے چاہو اپنی کھیتی میں آؤ۔ ‘‘کی ایک مخصوص تفسیر فرمائی تھی۔ اور ایک صحابی  رضی اللہ عنہ نے اللہ تعالیٰ کے قول: {لَیْسَ عَلَی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ جُنَاحٌ فِیْمَا طَعِمُوْا ط [المآئدۃ:۹۳]} [’’ جو لوگ ایمان لائے اور عمل صالح کیے انہیں گناہ نہ ہوگا جو وہ تحریم شراب سے پہلے پی چکے۔ ‘‘ ] الآیہ کی ایک مخصوص تفسیر فرمائی تھی حالانکہ یہ تمام تفسیریں جن کا اوپر ذکر ہوا شیخ البانی  اور ان کے ہمنواؤں کے ہاں بھی درست نہیں۔ جبکہ داڑھی کے معاملہ میں صحابی  رضی اللہ عنہ کا صرف عمل ہے انہوں نے یہ نہیں فرمایا کہ میرا یہ عمل حدیث کی تفسیر ہے۔ واللہ اعلم۔   ۱۲ ؍ ۵ ؍ ۱۴۲۱ھ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ  1  صحیح بخاری ؍ کتاب التفسیر ؍ سورۃ الممتحنۃ   2 صحیح مسلم ؍ کتاب الحیض؍باب بیان ان الجماع فی اوّل الاسلام لا یوجب الغسل الا ان ینزل المنی و بیان نسخہ و ان الغسل یجب بالجماع۔   قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل جلد 02 ص 752
Flag Counter