Maktaba Wahhabi

992 - 2029
ایک شخص کو نفسیاتی مرض لاحق ہوگیا...الخ السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ ہمارے شہر میں ایک شخص دین پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے۔ اسے کوئی نفساتی مرض لگ گیا تو بعض لوگ کہنے لگے کہ یہ مرض اسے دین کی وجہ سے لاحق ہوا ہے۔ لوگوں ض کی باتوں میں آکر اس نے داڑھی مونڈلی اور نماز کی وہ ـمحافظت بھی چھوڑدی جو پہلے کرتاتھا۔ کیا یہ کہنا جائز ہے کہ یہ مرض اسے دین کے احکام پر عمل پیرا ہونے اور ان کا پابند رہنے کی وجہ سے لاحق ہوا تھا؟ اورجو شخص ایسی بات کہنا ہے، کیا اسے کافر کہا جاسکتا ہے؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! دین پر مضبوطی سے عمل پیرا ہونا مرض کا سبب نہیں بلکہ یہ تو ہر دنیوی اور اخروی بھلائی کا سبب ہے۔ مسلم کے لیے یہ جائز نہیں کہ جب نادان لوگ ایسی باتیں کہیں تووہ ان کے پیچھے لگ جائے۔ نہ اس کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ اپنی داڑھی منڈوا دے یا چھوٹی کر لے اور نہ یہ کہ وہ نماز باجماعت سے پیچھے رہے بلکہ اس پر یہ واجب ہے کہ وہ حق پرڈٹ جائے۔ اور جن باتوں سے اللہ نے منع کیا ہے ان سے پرہیز کر ے او راللہ کے غضب اور اس کے عذاب سے ڈر کر اللہ اور اس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ فرماتے ہیں : {وَ مَنْ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوْلَہٗ یُدْخِلْہُ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِہَا الْاَنْہٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْہَا وَ ذٰلِکَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمo وَ مَنْ یَّعْصِ اللّٰہَ وَ رَسُوْلَہٗ وَ یَتَعَدَّ حُدُوْدَہٗ یُدْخِلْہُ نَارًا خَالِدًا فِیْہَا وَلَہٗ عَذَابٌ مُّہِیْنٌ} ’’ اور جو شخص اللہ اورا س کے رسول کی اطاعت کرے اللہ اسے بہشتوں میں داخل کرے گا۔ جن میں نہریں بہہ رہی ہیں اور یہ بڑی کامیابی ہے۔ اور جو شخص اللہ اوراس کے رسول کی نافرمانی کرے اور اس کی حدون سے تجاوز کر ے تواللہ اسے دوزخ میں داخل کرے گا جہاں وہ ہمیشہ رہے گا اور اس کو ذلت کا عذاب ہوگا‘‘ (النسائ: ۱۳۔۱۴) نیز اللہ عزوجل فرماتے ہیں : {وَمَنْ یَّتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّہٗ مَخْرَجًا o وَّیَرْزُقْہُ مِنْ حَیْثُ لَا یَحْتَسِبُ } ’’ اور جو شخص اللہ سے ڈرے تو اللہ اس کے لیے (مخلصی کی) راہ پیدا کر دے گا اور اسے ایسی جگہ سے رزق دے گا جو اس کے وہم و گمان میں بھی نہ ہو ‘‘ (الطلاق: ۲) نیز فرمایا: {وَمَنْ یَّتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَلْ لَہٗ مِنْ اَمْرِہِ یُسْرًا }  ’’ اور جو اللہ سے ڈرے تو اللہ اس کے کام میں سہولت پید ا کر دے گا۔ (الطلاق: ۴) رہی قائل کی بات جو یہ کہتا ہے کہ مرض تمسک بالدین کی وجہ سے لاحق ہوا ہے تووہ جاہل ہے ۔ جس پر گرفت کرنا ضروری ہے اور یہ خوب جان لینا چاہیے کہ تمسک بالدین صرف بھلائی ہی لاتا ہے اور اگر مسلمان کو کوئی ناگوار بات پہنچتی ہے تو وہ اس کی برائیوں کاکفارہ ہے اور اس کی خطائیں معاف کی جاتی ہے ۔ رہا اس کی تکفیر کا مسئلہ تویہ تفصیل طلب بات ہے جو فقہ اسلامی کی کتابوں کے باب حکم المرتد میں دیکھتی جاسکتی ہے۔ … اور توفیق دینے والا تواللہ تعالیٰ ہی ہے۔     فتاوی بن باز رحمہ اللہ جلداول -صفحہ 44
Flag Counter