Maktaba Wahhabi

145 - 531
روزوں کے مسائل رمضان کے روزوں اور قیام کی فضیلت الحمدللّٰه والصلاة والسلام علي رسول اللّٰه‘ وعلي آله واصحابه ومن اهتدي بهداه.اما بعد: یہ ایک مختصر سی نصیحت ہے جس کا تعلق رمضان کے صیام و قیام کی فضیلت اور اس مہینہ میں اعمال صالحہ میں سبقت کی فضیلت سے ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کچھ ضروری احکام و مسائل بھی بیان کئے جائیں گے جن سے بعض لوگ نا واقف ہوتے ہیں۔ حدیث سے ثابت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرات صحابہ کرام کو ماہ رمضان کی آمد کی بشارت سنایا کرتے اور انہیں یہ بتایا کرتے تھے کہ یہ ایک ایسا مہینہ ہے جس میں رحمت اور جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیطانوں کو بیڑیاں پہنا دی جاتی ہیں، چنانچہ آپ ارشاد فرماتے ہیں: (إِذَا كَانَتْ أَوَّلُ لَيْلَةٍ مِنْ رَمَضَانَ، صُفِّدَتْ الشَّيَاطِينُ وَمَرَدَةُ الْجِنِّ، وَغُلِّقَتْ أَبْوَابُ النَّارِ، فَلَمْ يُفْتَحْ مِنْهَا بَابٌ، وَفُتِحَتْ أَبْوَابُ الْجَنَّةِ، فَلَمْ يُغْلَقْ مِنْهَا بَابٌ، وَنَادَى مُنَادٍ: يَا بَاغِيَ الْخَيْرِ أَقْبِلْ، وَيَا بَاغِيَ الشَّرِّ أَقْصِرْ، وَلِلّٰهِ عُتَقَاءُ) (جامع الترمذي‘ الصوم‘ باب ما جاء في فضل شهر رمضان‘ ح: 682 وسنن ابن ماجه‘ الصيام‘ باب ما جاء في فضل شهر رمضان‘ ح: 1642) ’’جب رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے تو شیطانوں اور سرکش جنوں کو پابند زنجیر و سلاسل کر دیا جاتا ہے، اور جہنم کے (سارے) دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور ان میں سے کسی دروازے کو بھی کھلا نہیں رہنے دیا جاتا اور جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور ان میں سے کسی دروازے کو بھی بند نہیں کیا جاتا اور ایک منادی کرنے والا یہ اعلان کرتا ہے کہ اے خیر و بھلائی کے طلب گار! آگے بڑھ اور اے برائی کے خواست گار! اب تو رک جا۔ اللہ تعالیٰ جہنم کی آگ سے لوگوں کو آزادی عطا فرماتا ہے اور ایسا رمضان میں ہر رات ہوتا ہے۔‘‘ آپ نے یہ بھی فرمایا: (أَتَاكُمْ رَمَضَانُ شَهْرُ بَرَكَةٍ فِيهِ خَيْرٌ يُغَشِّيكُمُ اللّٰهُ فِيهِ فَتَنْزِلُ الرَّحْمَةَ وَتُحَطُّ الْخَطَايَا وَيُسْتَجَابُ فِيهِ الدُّعَاءُ فَيَنْظُرُ اللّٰهُ إِلَى تَنَافُسِكُمْ وَيُبَاهِي بِكُمْ مَلائِكَتَهُ فَأَرُوا اللّٰهَ مِنْ أَنْفُسِكُمْ خَيْرًا فَإِنَّ الشَّقِيَّ مِنْ حُرِمَ فِيهِ رَحْمَةَ اللّٰهِ) (مجمع الزوائد: 3/142 الصيام‘ باب في شهور البركة وفضل شهر رمضان‘ ح: 4883 وكنز العمال: 23692‘ باختلاف يسير)
Flag Counter