Maktaba Wahhabi

170 - 531
جو شخص روزہ رکھتا اور صرف رمضان میں نماز پڑھتا ہے سوال: جو شخص رمضان کے روزے رکھتا اور صرف رمضان ہی میں نماز پڑھتا ہے اور رمضان ختم ہونے کے ساتھ ہی نماز چھوڑ دیتا ہے تو کیا اس کا روزہ قبول ہو جاتا ہے؟ جواب: نماز اسلام کا رکن ہے بلکہ شہادتین کے بعد اسلام کا سب سے بڑا رکن اور فرض عین ہے۔ جو شخص نماز کے وجوب کے انکار کی وجہ سے یا محض سستی و کوتاہی کی وجہ سے نماز ترک کرتا ہے تو وہ کافر ہے۔ جو لوگ رمضان کے روزے رکھتے اور صرف رمضان ہی میں نماز پڑھتے ہیں تو یہ گویا اللہ تعالیٰ کو دھوکا دینا چاہتے ہیں۔ وہ بہت برے لوگ ہیں جو صرف رمضان ہی میں اللہ تعالیٰ کو پہچانتے ہیں۔ اگر وہ رمضان کے علاوہ باقی دنوں میں نماز نہیں پڑھتے تو ان کا روزہ بھی قبول نہ ہو گا۔ ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔ رمضان میں دن کے وقت عورت سے بات کرنا اور اس کے ہاتھ کو چھونا سوال: روزے دار اگر رمضان کے وقت کسی عورت سے بات کرے یا اس کے ہاتھ چھوئے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ یاد رہے بعض کاروباری مراکز اور مارکیٹوں میں ایسا ہوتا ہے؟ جواب: اگر مرد کی عورت کے ساتھ بات چیت کسی شک یا اس کے ساتھ گفتگو سے لطف اندوز ہونے کے قصد کے بغیر ہو یعنی کسی تجارتی مقصد یا راستہ وغیرہ پوچھنے کے لیے ہو یا قصد و ارادہ کے بغیر ہاتھ لگ گیا ہو تو یہ رمضان و غیر رمضان میں جائز ہے، لیکن اگر عورت کے ساتھ گفتگو تلذذ کے ارادہ سے ہو تو یہ رمضان میں جائز ہے نہ غیر رمضان میں۔ رمضان میں یہ زیادہ سختی کے ساتھ منع ہے۔ ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔ اس شخص کا روزہ جو رمضان کی راتوں میں شراب پیتا ہے سوال: ایک شخص شراب نوشی کا عادی ہے حتیٰ کہ وہ رمضان کی راتوں میں بھی شراب پیتا لیکن دن کو روزہ بھی رکھ لیتا ہے، تو ایسے شخص کے روزے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جواب: شراب پینا اکبر الکبائر میں سے ہے کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿ يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓا۟ إِنَّمَا ٱلْخَمْرُ‌ وَٱلْمَيْسِرُ‌ وَٱلْأَنصَابُ وَٱلْأَزْلَـٰمُ رِ‌جْسٌ مِّنْ عَمَلِ ٱلشَّيْطَـٰنِ فَٱجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ ﴿٩٠﴾ إِنَّمَا يُرِ‌يدُ ٱلشَّيْطَـٰنُ أَن يُوقِعَ بَيْنَكُمُ ٱلْعَدَ‌ٰوَةَ وَٱلْبَغْضَآءَ فِى ٱلْخَمْرِ‌ وَٱلْمَيْسِرِ‌ وَيَصُدَّكُمْ عَن ذِكْرِ‌ ٱللّٰهِ وَعَنِ ٱلصَّلَو‌ٰةِ ۖ فَهَلْ أَنتُم مُّنتَهُونَ ﴿٩١﴾(المائده 5/90-91) ’’اے ایمان والو! شراب اور جوا اور بت اور پانسے (یہ سب) ناپاک کام اعمال شیطان سے ہیں، سو ان سے بچتے رہنا تاکہ نجات پاؤ۔ شیطان تو یہ چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے سبب تمہارے درمیان دشمنی اور رنجش ڈلوادے اور تمہیں اللہ کی یاد سے اور نماز سے روک دے تو تم کو (ان کاموں سے) باز رہنا چاہیے۔‘‘
Flag Counter