Maktaba Wahhabi

220 - 531
جواب: جو شخص کسی مسلمان کو دیکھے کہ وہ رمضان میں کھا پی رہا یا کوئی ایسا کام کر رہا ہو جس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہو تو ضروری ہے کہ اسے اس سے منع کیا جائے کیونکہ رمضان میں دن کے وقت اس کا اظہار منکر ہے، خواہ ایسا کرنے والا فی نفسہ معذور ہی کیوں نہ ہو تاکہ لوگ رمضان میں دن کے وقت ان امور کے اظہار میں دلیر نہ ہو جائیں جن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور پھر بہانہ یہ کریں کہ وہ بھول گئے تھے۔ ہاں البتہ اگر کوئی شخص واقعی بھول گیا ہو تو اس پر قضا نہیں ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: (مَنْ نَسِيَ وَهُوَ صَائِمٌ، فَأَكَلَ وَشَرِبَ فَلْيُتِمَّ صَوْمَهُ، فَإِنَّمَا أَطْعَمَهُ اللّٰهُ وَسَقَاهُ) (صحيح البخاري‘ الصوم‘ باب الصائم اذا اكل او شرب ناسيا‘ ح: 133 و كتاب الايمان والنذور‘ ح: 6669 وصحيح مسلم‘ الصيام‘ باب اكل الناس وشربه...الخ‘ ح: 1155 واللفظ له) ’’جو روزے دار بھول کر کھا پی لے تو اسے اپنا روزہ پورا کرنا چاہیے کیونکہ اسے تو اللہ نے کھلایا پلایا ہے۔‘‘ اسی طرح مسافر کو بھی ان مقیم لوگوں میں جو اسے نہیں جانتے، کھلم کھلا نہیں کھانا پینا چاہیے بلکہ اسے چھپ کر کھانا پینا چاہیے تاکہ اس پر یہ الزام عائد نہ ہو کہ یہ حرام امور کا ارتکاب کر رہا ہے اور نہ اسے دیکھ کر دوسرے بھی اس کی جرأت کریں۔ اسی طرح مسلمانوں کے مابین مقیم کافروں کو بھی اس سے منع کیا جائے گا تاکہ تساہل کا دروازہ بند کر دیا جائے۔ ویسے بھی کفار کے لیے یہ ممنوع ہے کہ مسلمانوں میں رہتے ہوئے اپنے باطل دین کے شعائر کا اظہار کریں۔ واللہ ولی التوفیق ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ چھوٹے بچے پر روزہ واجب نہیں ہے سوال: میرا چھوٹا سا بچہ رمضان کے روزے رکھنے پے اصرار کرتا ہے حالانکہ صغر سنی اور صحت کی کمزوری کی وجہ سے روزہ اس کے لیے نقصان دہ ہے تو کیا میں سختی سے اسے روزہ رکھنے سے منع کر دوں؟ جواب: اگر بچہ اس قدر چھوٹا ہے کہ ابھی بالغ نہیں ہوا تو اس پر روزہ لازم نہیں ہے اور اگر وہ مشقت کے بغیر روزہ رکھ سکتا ہو تو اس سے اس کا حکم دیا جائے گا۔ حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اپنے چھوٹے بچوں سے بھی روزے رکھوایا کرتے تھے حتیٰ کہ اگر کوئی چھوٹا بچہ رونے لگتا تو اسے کھلونا دے کر بہلاتے لیکن جب یہ ثابت ہو کہ چھوٹے بچے کے لیے روزہ نقصان دہ ہو گا تو پھر اسے روزہ رکھنے سے منع کیا جائے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے جب ہمیں اس بات سے منع فرمایا ہے کہ چھوٹے بچوں کو ان کے اموال نہ دیں تاکہ وہ خراب نہ ہو جائیں تو ان امور سے انہیں ضرور روکنا چاہیے جن سے ان کے ابدان پر نقصان دہ اثرات مرتب ہوں لیکن اولاد کی تربیت کے معاملہ میں سختی سے کام نہیں لینا چاہیے۔ ۔۔۔شیخ ابن عثیمین۔۔۔ چھوٹے بچے کے روزے کی صحت کی شروط سوال: چھوٹے بچے کے روزے کے صحیح ہونے کی کیا شروط ہیں؟ کیا یہ صحیح ہے کہ چھوٹے بچے کے روزے کا اس کے والدین کو ثواب ملتا ہے؟
Flag Counter