Maktaba Wahhabi

305 - 531
بات بعید ہے کہ دونوں ہی بھول جائیں اور احتیاط بھی اسی میں ہے کہ اس کا فدیہ ادا کیا جائے، اگرچہ بعض علماء نے جہالت و نسیان کی وجہ سے اس مسئلہ میں بھی محرم کو معذور قرار دیا ہے۔ واللہ اعلم ۔۔۔شیخ ابن جبرین۔۔۔ احرام باندھنے سے قبل کچھ بال کاٹنا سوال: میری بیوی نے عمرے کا احرام باندھا لیکن اس نے حمام سے باہر نکلنے اور لباس احرام پہننے سے پہلے کچھ بال کاٹ دیے تو اس صورت میں اس پر کچھ واجب ہے؟ جواب: اس میں کوئی حرج یا فدیہ وغیرہ نہیں کیونکہ بالوں کو کاٹنا نیت احرام منعقد ہونے کے بعد منع ہے لیکن اس صورت میں مذکورہ عورت کی نہ ابھی تک نیت منعقد تھی اور نہ اس نے ابھی تک لباس احرام ہی پہنا تھا، لہذا اس میں کوئی حرج نہیں، اگر احرام شروع کرنے کے بعد ازراہ جہالت و نسیان ایسا کرتی تو پھر بھی کوئی فدیہ لازم نہ تھا کیونکہ جہالت کی وجہ سے وہ معذور تصور ہو گی۔ واللہ اعلم ۔۔۔شیخ ابن جبرین۔۔۔ جہالت کی وجہ سے احرام کے بعد بال کاٹنا سوال: ایک شخص نے عمرے کا احرام باندھا، احرام کے بعد اسے یاد آیا کہ اس کے لیے بغل کے بالوں کو صاف کرنا واجب ہے، لہذا اس نے انہیں صاف کر دیا اور پھر عمرہ کے لیے چل پڑا، تو وضاحت فرمائیں کہ اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اللہ تعالیٰ آپ کواجروثواب سے نوازے گا؟ جواب: احرام میں بغل کے بالوں کو کاٹنا یا اکھاڑنا واجب نہیں ہے، بلکہ مستحب یہ ہے کہ احرام سے پہلے انہیں اکھاڑ دیا جائے یا کسی پاک چیز سے صاف کر دیا جائے اسی طرح مونچھوں کو کاٹنا، ناخنوں کو تراشنا اور زیر ناف بالوں کو احرام سے پہلے صاف کرنا بھی مستحب ہے بشرطیکہ اس کی ضرورت ہو، نیز یاد رہے کہ احرام کے وقت یہ امور لازم نہیں ہیں بلکہ اگر احرام سے پہلے گھر یا راستہ میں کسی جگہ انہیں سر انجام دے لے تو پھر بھی ٹھیک ہے۔ حکم شریعت سے ناواقفیت کی وجہ سے مذکورہ بالا شخص نے احرام کے بعد جو بغل کے بالوں کو صاف کر لیا تو اس میں کوئی فدیہ وغیرہ نہیں ہے، اسی طرح احرام کے بعد اگر محرم ممنوعات میں سے کسی کا ارتکاب کرے تو کوئی فدیہ نہیں کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: (رَ‌بَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَآ إِن نَّسِينَآ أَوْ أَخْطَأْنَا) (البقرة 2/286) ’’اے ہمارے رب! اگر ہم سے بھول یا چوک ہو گئی ہو تو ہم سے مؤاخذہ نہ کرنا۔‘‘ اور حدیث سے ثابت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بے شک اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے اپنے بندوں کی اس دعا کو شرف قبولیت سے نواز رکھا ہے۔[1]
Flag Counter