Maktaba Wahhabi

360 - 531
جو شخص گیارہ بج کر چالیس منٹ پر مزدلفہ سے نکلے۔۔۔ سوال: ہم گیارہ بج کر چالیس منٹ پر مزدلفہ سے نکل گئے کیونکہ ہمارے ساتھ بچے بھی تھے، جب کہ ہم نے گیارہ بج کر پچاس منٹ پر جمرہ کو رمی بھی کر لی تھی اور پھر ہم مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جواب: آپ پر کچھ لازم نہیں کیونکہ آپ کا مزدلفہ سے خروج نصف رات کے قریب تھا، ہاں البتہ اگر آپ لوگ کچھ دیر اور ٹھہر جاتے حتیٰ کہ چاند غائب ہو جاتا تو یہ افضل اور زیادہ بہتر تھا۔اللہ تعالیٰ سب کو اپنی رضا کے مطابق عمل کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے، آپ کے اور تمام مسلمانوں کے اعمال کو شرف قبولیت سے نوازے! ۔۔۔شیخ ابن عثیمین۔۔۔ نصف رات سے پہلے مزدلفہ سے کوچ سوال: ایک مصری شخص جو سعودی عرب میں مقیم ہے، اس نے مصر سے حج کی نیت سے آنے والی اپنی والدہ کا جدہ ائیر پورٹ پر استقبال کیا، جب وہ پہنچ گئی تو یہ لوگ گئے اور انہوں نے مناسک حج ادا کر لیے اور جب مطوف نے آدھی رات سے پہلے ہی انہیں منیٰ جانے پر مجبور کر دیا یعنی یہ لوگ مزدلفہ میں آدھی رات سے پہلے بیٹھے اور پھر مطوف کے مجبور کرنے پر منیٰ روانہ ہو گئے اور اسی طرح انہوں نے حج ادا کیا تو ان کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اور اب والدہ مصر سفر کر گئی ہے اور اس کی واپسی ممکن نہیں اور کیا اس کا یہ حج جائز ہے جب کہ اس نے ہوائی جہاز میں محرم کے بغیر سفر کیا ہے؟ جواب: اگر امر واقع اسی طرح ہے جس طرح سائل نے ذکر کیا ہے تو مذکورہ عورت کا حج صحیح ہے اور ان کے نصف رات سے قبل مزدلفہ سے روانہ ہونے کی وجہ سے کچھ لازم نہیں ہے کیونکہ انہیں اسی پر مجبور کر دیا گیا تھا، ہاں البتہ محرم کے بغیر مصر سے آنا جائز نہ تھا، لہذا اس سے توبہ کرنی چاہیے لیکن اس سے حج باطل نہیں بلکہ صحیح ہے۔ واللہ ولی التوفیق ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ منیٰ میں رات بسر کرنا منیٰ میں جگہ نہ ملنا سوال: جب کسی حاجی کو تشریق کے دن اور راتوں میں منیٰ میں جگہ نہ ملے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جواب: جن لوگوں کو منیٰ میں جگہ نہ ملے تو وہ حاجیوں کے آخری خیمہ کے پاس پڑاؤ ڈال لیں خواہ ان کا یہ پڑاؤ حدود منیٰ سے باہر ہی ہو کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: (فَٱتَّقُوا۟ ٱللّٰهَ مَا ٱسْتَطَعْتُمْ) (التغابن 64/16)
Flag Counter