Maktaba Wahhabi

420 - 531
جس صورت کو وہ چاہے اختیار کر لے۔ ہر وہ زندہ مسلمان جسے استطاعت ہو اس کے لیے اپنے اور اپنے اہل خانہ کی طرف سے قربانی کرنا سنت مؤکدہ ہے اور قربانی کے جانور کی قیمت صدقہ کرنے سے افضل ہے۔ ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ قربانی زندہ و مردہ کی طرف سے مشروع ہے سوال: کیا میت کی طرف سے قربانی کرنا جائز ہے، امید ہے آپ دلیل کے ساتھ اس مسئلہ کی وضاحت فرمائیں گے، نیز یہ فرمائیں گے کہ جانور کی قیمت صدقہ کر دینے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جواب: زندہ اور مردہ کی طرف سے قربانی مشروع ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں ایک بکری کی اپنے اور اپنے اہل بیت کی طرف سے قربانی دیا کرتے تھے، [1]حالانکہ آپ کے اہل بیت میں بعض فوت شدگان بھی تھے، مثلا حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اور آپ کی دو صاجزادیاں حضرت رقیہ اور ام کلثوم رضی اللہ عنہا قربانی بھی ایک صدقہ ہے۔ لہذا یہ صدقہ اور قربت کے اعتبار سے دیگر صدقات کے مشابہہ ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے زندہ انسان کے لیے اس کی بہت تاکید معلوم ہوتی ہے نیز آپ کے اس ارشاد سے بھی ہے: (إِذَا رَأَيْتُمْ هِلَالَ ذِي الْحِجَّةِ، وَأَرَادَ أَحَدُكُمْ أَنْ يُضَحِّيَ، فَلْيُمْسِكْ عَنْ شَعْرِهِ وَأَظْفَارِهِ)(صحيح مسلم‘ الاضاحي‘ باب نهي من دخل عليه عشر ذي الحجة...الخ‘ ح: 1977) ’’جب تم ذوالحجہ کا چاند دیکھ لو اور تم میں سے کوئی قربانی کا ارادہ کرے تو وہ اپنے بال اور ناخن نہ کاٹے۔‘‘ بعض فقہاء نے اس مسئلہ میں جو یہ ذکر کیا ہے کہ جو شخص کسی کی طرف سے قربانی کر رہا ہو تو وہ بھی اپنے بال اور ناخن نہ کاٹے تو مجھے اس کی کوئی قابل اعتبار دلیل نہیں ملی کیونکہ اس حکم کا مخاطب صرف وہ انسان ہے جو اپنے مال سے قربانی کر رہا ہو، لہذا اس کے بیوی بچوں کو بال اور ناخن کاٹنے سے منع نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ قربانی کرنے والے نہیں ہیں بلکہ ان کی طرف سے ان کے گھر کے سربراہ نے قربانی کی ہے، لہذا اس ممانعت کا مخاطب بھی وہی ہے۔ قربانی کے جانور کو ذبح کرنا اس کی قیمت صدقہ کرنے سے افضل ہے کیونکہ اس میں سنت کا احیاء، اظہار اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اسوۂ حسنہ کی اتباع ہے۔واللہ ولی التوفیق ۔۔۔شیخ ابن باز۔۔۔ فوت شدہ کی طرف سے قربانی سوال: کیا یہ جائز ہے کہ قربانی کا ثواب فوت شدہ کو ہدیہ کر دیا جائے؟ جواب: قربانی، عیدالاضحیٰ یا اس کے تین دن بعد جانور ذبح کر کے یا اونٹ نحر کر کے تقرب الہٰی حاصل کرنے کا نام ہے۔ زندہ انسان کے لیے یہ سنت ہے کہ وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کی طرف سے قربانی کرے جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قربانی کیا کرتے تھے۔
Flag Counter