Maktaba Wahhabi

479 - 531
۔۔۔شیخ ابن عثیمین۔۔۔ تمباکو اور سگریٹ کی تجارت اور اس سے صدقہ سوال: تمباکو اور سگریٹ وغیرہ کی تجارت کے بارے میں کیا حکم ہے؟ کیا ان کی قیمت اور ان کی تجارت سے حاصل ہونے والے نفع کو صدقہ، حج اور نیکی کے دیگر کاموں میں خرچ کرنا جائز ہے؟ جواب: تمباکو، سگریٹ اور دیگر تمام حرام اشیاء کی تجارت ناجائز ہے کیونکہ یہ خبیث اشیاء ہیں۔ ان کے استعمال میں جسمانی، روحانی اور مالی نقصان ہے۔ اگر کوئی شخص صدقہ یا حج یا نیکی کے دیگر کاموں میں خرچ کرنے کا ارادہ کرے تو اسے پاک مال خرچ کرنا چاہیے کیونکہ حسب ذیل ارشاد باری تعالیٰ کے عموم کا یہی تقاضا ہے: (يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓا۟ أَنفِقُوا۟ مِن طَيِّبَـٰتِ مَا كَسَبْتُمْ وَمِمَّآ أَخْرَ‌جْنَا لَكُم مِّنَ ٱلْأَرْ‌ضِ ۖ وَلَا تَيَمَّمُوا۟ ٱلْخَبِيثَ مِنْهُ تُنفِقُونَ وَلَسْتُم بِـَٔاخِذِيهِ إِلَّآ أَن تُغْمِضُوا۟ فِيهِ) (البقرة 2/267) ’’اے مومنو! جو پاکیزہ اور عمدہ مال تم کماتے ہو اور جو چیزیں ہم تمہارے لیے زمین سے نکالتے ہیں ان میں سے (اللہ کی راہ میں) خرچ کرو اور بری اور ناپاک چیزیں دینے کا قصد نہ کرنا کہ (اگر وہ چیزیں تمہیں دی جائیں تو) بجز اس کے کہ (لیتے وقت) آنکھیں بند کرو اور ان کو کبھی نہ لو۔‘‘ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (إِنَّ اللّٰهَ طَيِّبٌ لَا يَقْبَلُ إِلَّا طَيِّبًا) (صحيح مسلم‘ الزكاة‘ باب قبول الصدقة من الكسب الطيب...الخ‘ ح: 1015) ’’بے شک اللہ تعالیٰ کی ذات پاک ہے اور وہ پاک مال ہی قبول فرماتا ہے۔‘‘ ۔۔۔فتویٰ کمیٹی۔۔۔ تصویروں اور مجسموں کی تجارت سوال: کیا ایک مسلمان کے لیے یہ صحیح ہے کہ وہ تصویروں اور مجسموں کی تجارت کرے اور اس سامان کے ذریعہ وہ گزر بسر کا اہتمام کرے؟ جواب: کسی بھی مسلمان کے لیے تصویروں اور مجسموں کی بیع اور تجارت جائز نہیں ہے کیونکہ احادیث سے ثابت ہے کہ جاندار اشیاء کی تصویریں اور مجسمے بنانا اور انہیں باقی رکھنا حرام ہے۔ اور ان کی تجارت کے معنی انہیں رواج دینا اور تصویروں کے بنانے اور انہیں گھروں اور محفلوں میں لٹکانے میں مدد دینا ہے اور جب یہ حرام ہے تو پھر تصویروں کو بنانا اور انہیں بیچنا بھی حرام ہے، مسلمان کے لیے ان کی کمائی سے کھانا اور لباس پہننا وغیرہ جائز نہیں ہے۔ اگر کسی نے اس قسم کا کاروبار شروع کر رکھا ہو تو اسے چاہیے کہ اسے فورا ترک کر کے اللہ تعالیٰ سے توبہ کرے، امید ہے اللہ تعالیٰ اس کی توبہ کو قبول فرما لے گا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿ وَإِنِّى لَغَفَّارٌ‌ۭ لِّمَن تَابَ وَءَامَنَ وَعَمِلَ صَـٰلِحًا ثُمَّ ٱهْتَدَىٰ ﴿٨٢﴾ (طه 20/82)
Flag Counter