Maktaba Wahhabi

174 - 452
علامہ البانی رحمۃ اللہ علیہ مزید لکھتے ہیں کہ صاحب مشکوٰۃ نے امام بیہقی کے حوالےسے جولکھا ہے کہ مذکورہ روایت موقوفاً صحیح ہے، مجھے شعب الایمان میں یہ الفاظ نہیں مل سکے۔ بہر حال مذکورہ روایت نہ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے اور نہ ہی حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے صحیح سند سے ثابت ہے ، اس لئے ایسی روایت کو بطور دلیل پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے رجحان کے مطابق یہ ایک رواج ہے جو ہمارے ہاں مشہور ہو چکا ہے، اس کے جواز کے لئے کوئی مستند روایت نہیں ، لہٰذا اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔ قبر کشائی کی شرعی حیثیت سوال:بعض اوقات کسی جرم کی تحقیق کرنے کی غرض سے قبر کشائی کی ضرورت پڑتی ہے ، اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ ہمارے ہاں کچھ اہل علم اسے اچھا خیال نہیں کرتے ، اس کے متعلق قرآن و حدیث کے مطابق وضاحت کریں؟ جواب: بعض اہل علم حضرات کا موقف ہے کہ اگر میت کو غسل دیئے بغیر یا جنازہ پڑھے بغیر دفن کیا گیا ہو تو اسے غسل دینے یا جنازہ پڑھنے کے لئے قبر سے نکالا جا سکتا ہے لیکن امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس موقف سے اتفاق نہیں کیا بلکہ ان کی تردید کرتے ہوئے اپنی صحیح میں ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا ہے: ’’ کیا کسی بھی ضرورت کے پیش نظر میت کو قبر اور لحد سے نکالا جا سکتا ہے؟[1] امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ ہے کہ میت کو مذکورہ بالا دو اسباب کے علاوہ اگر ضرورت ہو تو قبر سے نکالنے میں چنداں حرج نہیں۔ چنانچہ اس سلسلہ میں انہوں نے دو احادیث ذکر کی ہیں، ایک حدیث میں ہے کہ رئیس المنافقین عبد اللہ بن اُبی کو قبر میں ڈالا جا چکا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور آپ کے حکم سے اسے قبر سے نکالا گیا، آپ نے اسے اپنے گھٹنوں پر رکھ کر اپنا لعاب دھن اس کے منہ میں ڈالا اور اپنا قمیص پہنایا، ویسے تو اس کی وجہ اللہ بہتر جانتا ہے البتہ اس نے حضرت عباس رضی اللہ عنہ کو ایک دفعہ اپنی قمیص دی تھی ( شاید رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس احسان کا بدلہ چکایا ہو۔)[2] اس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ آپ نے اس کے بیٹے حضرت عبد اللہ بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ جو مسلمان تھا اس کی حوصلہ افزائی کی تھی ، اس حدیث میں میت کو دفن کرنے کے بعد نکالنے کا بیان ہے جو قبر کشائی کے بغیر ممکن نہیں ہے، اس لئے کسی شرعی عذر کی وجہ سے میت کی قبر کشائی کی جا سکتی ہے۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے دوسری حدیث جو حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے ، میں فرماتے ہیں: ’’ میرے والد کے ہمراہ قبر میں ایک اور شہید بھی دفن کیا گیا تھا لیکن میرا دل اس پر راضی نہیں ہو رہا تھا، میں نے اس کی لاش نکال کر دوسری قبر میں دفن کر دی۔‘‘[3] اس حدیث کے مطابق حضرت جابر رضی اللہ عنہ نے اپنی خواہش کی تکمیل کے لئے اپنے والد کی قبر کشائی کی اور اسے نکال کر دوسری قبر میں دفن کیا ، اس بناء پر کسی جرم کی تحقیق کے لئے قبر کشائی کی جا سکتی ہے۔ ( واللہ اعلم) اچانک مرنا سوال:بعض دفعہ کوئی شخص اچانک مر جاتا ہے مثلاً ٹرین یا بس کے ٹکرانے یا مکان کو آگ لگ جانے یا کسی حادثے کی بنا پر ایسا ہو جاتا ہے، اس کے متعلق قرآن و حدیث میں کیا حکم ہے؟
Flag Counter