Maktaba Wahhabi

200 - 452
سوال:کیا عمرہ کرنے والے پر طواف وداع کرنا ضروری ہے، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے طواف وداع کا حکم حجۃ الوداع کے موقع پر دیا تھا، وضاحت فرمائیں؟ جواب: اگر کوئی آدمی مکہ میں آیا اور عمرہ کرنے کے فوراً بعد واپس نہیں ہوا بلکہ اس نے مکہ میں قیام کیا تو اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ واپسی کے وقت طواف وداع کرے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’ کوئی شخص کوچ نہ کرے حتیٰ کہ وہ آخری وقت بیت اللہ میں نہ گذار لے۔ ‘‘[1] یہ حکم بھی عام ہے ، اس میں عمرہ کا طواف وداع بھی شامل ہے ۔ شریعت میں عمرہ بھی حج کی طرح ہے بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے حج اصغر کہا ہے چنانچہ عمرو بن حزم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ عمرہ، حج اصغر ہے۔‘‘[2] اس بنا پر اگرچہ طواف وداع کا حکم حجۃ الوداع کے موقع پر دیا گیا تھا لیکن عمرہ کرنے کے بعد بھی طواف وداع کرنا ہوگا۔ اس سلسلہ میں ایک روایت بھی مروی ہے: جو شخص اس گھر کا حج یا عمرہ کرے اسے اپنا آخری وقت بیت اللہ میں گذارنا چاہیے۔ [3] لیکن یہ ایک راوی حجاج بن ارطاۃ کی وجہ سے ضعیف ہے، لیکن اسے تائید کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ میت کی طرف سے حج کرنا سوال:ہمارے والد گرامی پچھلے سال فوت ہو گئے تھے، کیا ہم ان کی طرف سے حج کر سکتے ہیں، کیا ایسا کرنے سے انہیں ثواب ملے گا؟ جواب: ایصال ثواب کے سلسلہ میں ہم لوگ افراط و تفریط کا شکار ہیں، کچھ لوگ تو مطلق طور پر میت کے لئے ایصال ثواب کے منکر ہیں، جبکہ کچھ حضرات نے اسے بہت عام کر دیا ہے اور ہر طرح کی عبادات کا ثواب فوت شدگان کو پہنچانے کے قائل ہیں۔ در اصل ہمارے نزدیک انسان کو مرنے کے بعد وہی کچھ ملے گا جس کی اس نے زندگی میں محنت اور کوشش کی ہو گی۔ جیسا کہ قرآن کریم میں ہے: ’’ اور انسان کو وہی کچھ ملے گا جس کی اس نے کوشش کی ہو گی۔ ‘‘[4] قرآن کریم کی یہ آیت عام ہے اور اس سے وہ چیزیں مستثنیٰ ہوں گی جن کا اثبات احادیث صحیحہ سے ہوتا ہے ۔ حج بھی ان اعمال سے ہے جس کا ثواب میت کو اس کے مرنے کے بعد پہنچتا ہے، اس کا ذکر احادیث میں ہے۔ اس سلسلہ میں ہم صرف دو احادیث کا ذکر کرتے ہیں: 1 حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےپاس ایک عورت آئی اور عرض کرنے لگی، یا رسول اللہ ! میری والدہ نے حج نہیں کیا تھا، اگر میں اس کی طرف سے حج کروں تو کیا اس کی طرف سے کفایت کر جائے گا؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ہاں ‘‘[5]  اس سے معلوم ہوتا ہے کہ میت کی طرف سے حج ہو سکتا ہے۔
Flag Counter