Maktaba Wahhabi

206 - 452
روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حائضہ عورت کو مکہ مکرمہ سے نکلنے سے پہلے طواف وداع کے متعلق رخصت دی تھی، بشرطیکہ وہ طواف افاضہ کر چکی ہو۔[1] سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ سیدہ صفیہ بنت حیی رضی اللہ عنہا طواف افاضہ کے بعد حائضہ ہو گئیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا تذکرہ کیا تو آپ نے فرمایا: ’’ وہ تو ہمیں روکے رکھے گی‘‘ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! اس نے جب طواف کر لیا تھا تب اسے حیض آیا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’پھر وہ مکہ سے روانہ ہو اور ہمارے ساتھ چلے۔ ‘‘[2] حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کا پہلے موقف یہ تھا کہ حائضہ عورت مکہ میں ٹھہرے اور جب پاک ہو جائے تو طواف وداع کر کے وطن واپس آ جائے، پھر انہوں نے اس موقف سے رجوع کر لیا تھا اور فرماتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حائضہ عورت کو طواف وداع کے متعلق رخصت دی ہے۔[3] بہر حال حائضہ عورت کے لئے طواف وداع کرنا ضروری نہیں بلکہ جب اس نے طواف افاضہ کرلیا ہے تو طواف وداع کئے بغیر وہ اپنے گھر واپس آ سکتی ہے۔ ( واللہ اعلم) ادائیگی حج کے لئے شرائط سوال:وہ کوئی شرائط ہیں جن کی موجودگی میں انسان حج کا مکلف قرا ر پاتا ہے نیز کیا عورت کے لیے وہی شرائط ہیں جو مردوں کے لئے ہیں یا اس کے لئے کوئی اضافی شرط بھی ہے؟ جواب: حج، اللہ کی طرف سے صاحب حیثیت حضرات پر ایک اہم فریضہ ہے، اس کے فرض ہونے کی حسب ذیل پانچ شرائط ہیں: ٭ اسلام: حج کرنے والا مسلمان ہو کیونکہ کسی بھی غیر مسلم کا حج صحیح نہیں۔ ٭ عقل : حج کی ادائیگی کے لیے یہ بھی شرط ہے کہ انسان صاحب عقل و شعور ہو، دیوانہ یا پاگل نہ ہو۔ ٭ بلوغ: حج کرنے والا بالغ ہو، اگرچہ بچے کا حج بھی صحیح ہے لیکن بچپن کا حج ، فرضیت حج سے کافی نہیں ہو گا۔ حدیث میں ہے: ’’ جس نے بچپن میں حج کیا پھر جب بالغ ہو گا تو اسے دوبارہ ( صاحب استطاعت ہونے پر ) حج کرنا ہو گا۔ ‘‘[4] ٭ آزادی: فرض حج کی ادائیگی کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ انسان کسی کا غلام نہ ہو بلکہ وہ آزاد ہو۔ اگرچہ غلام کا حج بھی صحیح ہے لیکن آزادی کے بعد اسے فرض حج دوبارہ کرنا ہو گا، جیسا کہ حدیث میں ہے: ’’ جس نے حج کیا پھر وہ آزاد ہوا تو اسے دوبارہ حج کرنا ہو گا۔ ‘‘[5] ٭ استطاعت: حج کے لئے انسان کا صاحب استطاعت ہونا بھی ضروری ہے جیساکہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’ بندوں کے ذمے اللہ تعالیٰ کے لئے بیت اللہ کا حج کرنا ہو گا بشرطیکہ وہ ( مکہ مکرمہ ) جانے کی استطاعت رکھتا ہو۔ [6]
Flag Counter