Maktaba Wahhabi

362 - 452
تو پھر تم بھیڑ کا یکسالہ کھیرا ذبح کر سکتے ہو۔ [1] اس حدیث کے پیش نظر ہمارا رجحان بھی یہی ہے کہ قربانی میں دودانتا ذبح کیا جائے اگر وہ دودانتا جانور ملنا مشکل ہو تو پھر بھیڑ کا یکسالہ کھیرا ذبح کرنا جائز ہے۔ مطلق طور پر کھیرا ذبح کرنا جائز نہیں ۔ ( واللہ اعلم) مقروض کے لئے قربانی کرنا سوال:میرے ذمے کچھ قر ض ہے، میں قربانی کرنا چاہتا ہوں ، کیا قرض کی موجودگی میں قربانی ہو جاتی ہے، وضاحت کریں؟ جواب: قربانی کے لئے صاحب استطاعت ہونا ضروری ہے جیساکہ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جس کے پاس قربانی کرنے کی وسعت ہے لیکن وہ قربانی نہیں کرتا تو اسے چاہیے کہ وہ ہماری عیدگاہ کے قریب بھی نہ آئے۔ ‘‘[2] اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ قربانی کے لئے صاحب استطاعت ہونا ضروری ہے ، اگر کسی میں قربان کرنے کے لئے وسعت نہیں تو وہ قربانی نہ کرے۔ مقروض آدمی کے قرض کو دیکھا جائے اگر معمولی درجے کا قرض ہے جو عام زندگی میں لیا جاتا ہے اور اسے پھر آسانی سے ادا بھی کر دیا جاتا ہے تو ایسے حالات میں قربانی کی سعادت سے محروم نہیں رہنا چاہیے اور اگر قرض بہت زیادہ ہے اور اس کے ادا کرنے کی ہمت نہیں تو اسے چاہیے کہ وہ قربانی کرنے کی بجائے اپنا قرض اتارنے کی فکر کرے گویا ایسے حالات میں قربانی کی استطاعت ختم ہو جاتی ہے پھر وہ شخص قربانی نہ کرے۔ بہر حال یہ شوق کا معاملہ ہے اگر اللہ کی رحمت کی امید رکھتے ہوئے ایسے حالات میں بھی قربانی کرے گا تو اللہ تعالیٰ اپنی رحمت سے اس کا قرض اتارنے کا بھی کوئی راستہ پیدا کر دیں گے۔ اللہ تعالیٰ ایسے انسان کو اپنی رحمت سے محروم نہیں کرتا جو اس کے راستہ میں خرچ کرنے کےلیے فراخدلی کا ثبوت دیتا ہے۔ ( واللہ اعلم) عورت کا ذبیحہ سوال:کیا عورت کوئی جانور ذبح کر سکتی ہے، اگر عورت ذبح کرے تو اس جانور کا گوشت کھایا جا سکتا ہے؟ جواب: قرآن و حدیث میں عورت کے متعلق کوئی ممانعت نہیں کہ وہ ذبح نہ کرے یا اس کا ذبیحہ ناجائز ہے، اس لئے عورت ذبح بھی کر سکتی ہے اور عورت کا ذبح کردہ جانور کھایا بھی جا سکتا ہے۔ چنانچہ حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں ایک عورت نے پتھر کی دھار کے ساتھ بکری کو ذبح کر دیا، جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کے متعلق دریافت کیا گیا تو آپ نے اسے کھانے کا حکم دیا۔[3]
Flag Counter