Maktaba Wahhabi

389 - 452
جواب: سفید بال خواہ سر میں ہوں یا داڑھی میں انہیں اکھاڑنا جائز نہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے۔ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بڑھاپے کے (سفید) بال اکھاڑنے سے منع فرمایا ہے اور کہا ہے کہ وہ مومن کا نور ہیں۔[1] ایک دوسری روایت کے الفاظ اس طرح ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ سفید بال مت نوچا کرو کیونکہ جس کسی مسلمان کے بال حالتِ اسلام میں سفید ہو جائیں تو قیامت کے دن یہ اس کے لئے نور کا باعث ہوں گے۔‘‘ ایک روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ ایک ایک بال کے عوض اس کی نیکی لکھتا ہے اور ایک گناہ دور کرتا ہے۔ [2] ان احادیث کے پیش نظر سفید بال داڑھی میں ہوں یا سر میں انہیں دانتوں سے کاٹنا یا اکھاڑنا جائز نہیں اور نہ ہی کالا رنگ کرنا جائز ہے البتہ سیاہ رنگ کے علاوہ دوسرا کوئی بھی رنگ کیا جا سکتا ہے۔ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سفید بال اکھاڑنے کی ممانعت فرمائی تو ایک آدمی نے آپ سے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! لوگ تو بڑھاپے کے سفید بال اکھاڑتے ہیں، آپ نے فرمایا : جو چاہے اپنے نور کو اکھاڑے۔ [3] حضرت انس رضی اللہ عنہ اس بات کو ناپسند کرتے تھے کہ آدمی اپنے سر اور اپنی داڑھی کے سفید بالوں کو اکھاڑے۔ [4] لہٰذا انسان کو چاہیے کہ وہ اپنے سر یا داڑھی کی سفید بالوں کو نوچنے یاا کھاڑنے سے اجتناب کرے۔ انگوٹھی کس ہاتھ میں پہنی جائے سوال:انگوٹھی کس ہاتھ میں پہنی جائے اور پھر کس انگلی میں اسے پہننا چاہیے ، قرآن و حدیث میں اس کے متعلق کوئی وضاحت ہے تو راہنمائی فرمائیں؟ جواب: انگوٹھی دائیں اور بائیں دونوں ہاتھوں میں پہنی جا سکتی ہے البتہ دائیں ہاتھ میں پہننا بہتر ہے اس سلسلہ میں درج ذیل احادیث سے راہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ حضرت ابو سلمہ بن عبد الرحمن رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنتےتھے۔[5] حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنتے تھے۔[6] شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے اس روایت کو ضعیف ابی داؤد میں درج کیا ہے اور اسے شاذ قرار دیا ہے ۔[7] آپ فرماتے ہیں کہ یسارہ کے بجائے یمینہ کے الفاظ محفوظ ہیں، تاہم بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنی جا سکتی ہے جیسا کہ حضرت نافع کا بیان ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ اپنے بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنا کرتے تھے۔[8] اسے کس انگلی میں پہننا چاہیے ؟ حدیث میں ہے کہ انگشت شہادت اور درمیانی انگلی میں انگوٹھی نہ پہنی جائے جیسا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے اس اور اس یعنی انگشت شہادت اور درمیانی انگلی میں انگوٹھی پہننے سے منع فرمایا ۔[9]
Flag Counter