Maktaba Wahhabi

324 - 829
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مقتدی کے بجائے امام بنے تھے۔ اس بناء پر ہمارے نزدیک پہلی صورت ہی راجح ہے۔ جس میں کوئی قباحت بھی نہیں۔ کیونکہ کسی شخص کو پیچھے کھینچ کر اپنی صف بنانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ حدیث مذکورہ بالا کی رُوسے اکیلے کی نماز نہیں ہوتی۔ اُصولِ فقہ کا قاعدہ ہے: ’’ مَا لَا یَتِمُّ الوَاجِبُ إِلَّا بِہٖ فَھُوَ وَاجِبٌ۔‘‘ یعنی جس کام کے بغیر واجب کی تکمیل نہ ہوسکتی ہو وہ بھی واجب ہوتا ہے۔ لہٰذا کسی کو اپنے ساتھ شامل کرنا تعمیل وجوب یا شریعت کی مخالفت سے احتراز کرنا ہی ہے۔ باقی رہا یہ مسئلہ کہ صف کے کنارے سے کسی شخص کو کھینچنے سے اس کی حرکت لازم آتی ہے۔ تو نماز میں نماز کی ضرورت کے لیے حرکت جائز ہے، اگرچہ کسی کو آگے سے کھینچ کر اپنے ساتھ شامل کرنے والی حدیث ضعیف ہے۔ تاہم اس سے استدلال کی بجائے تائید حاصل ہوجاتی ہے لہٰذا یہی صورت راجح معلوم ہوتی ہے۔ شیخ المکرم حافظ عبداللہ محدث روپڑی رحمہ اللہ نے کنارے سے کسی شخص کو کھینچنے کی بجائے درمیان سے کسی کو اپنے ساتھ ملانے کی صورت بتائی ہے، تاکہ امام درمیان میں رہے اور ایک شخص کی زیادہ حرکت کی بجائے صف کے شرکاء معمولی حرکت سے درمیانی خلا کو پُر کر لیں۔ بہرصورت دونوں میں سے جو صورت بھی اختیار کی جائے وہ اگلی صف سے کسی شخص کو اپنے ساتھ ملانے کی ہی شکل ہے۔ میں اسی موقف کی تائید کرتا ہوں۔(واللّٰہ اعلم بالصواب وعلمہ اتم) اضافہ : از حافظ نعیم الحق نعیم رحمہ اللہ : اگلی صف میں سے کسی شخص کو کھینچنے یا نہ کھینچنے کا مسئلہ راجح اور مرجوح کا مسئلہ ہے۔ صحیح اور غلط کا مسئلہ نہیں۔ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے فتاوٰیٰ میں اور شیخ البانی رحمہ اللہ نے ’’سلسلۃ الاحادیث الضعیفہ والموضوعۃ‘‘ اور ’’ارواء الغلیل‘‘ میں اگلی صف میں سے کسی کو نہ کھینچنے کو ترجیح دی ہے، جب کہ صاحب سبل السلام امیر صنعانی رحمہ اللہ اور صاحب ’’نیل الأوطار‘‘ امام شوکانی رحمہ اللہ کا رجحان اس طرف معلوم ہوتا ہے، کہ صف کے پیچھے تنہا نماز پڑھنے کے بجائے اگلی صف میں سے کسی کو کھینچ کر ساتھ ملا لینا چاہیے۔ راقم کے خیال میں بھی یہی دوسرا قول قابلِ ترجیح ہے اور وجوہ ِترجیح یہ ہیں: (۱)جماعت کا لفظ جمع سے بناء ہے اور جمع کا لفظ کم از کم دو افراد کا تقاضا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر صرف ایک مقتدی ہو، تو وہ امام کے پیچھے کھڑا ہونے کے بجائے امام کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ حالانکہ لفظ مقتدی (پیچھے چلنے والا) کا تقاضا یہ تھا،
Flag Counter