Maktaba Wahhabi

522 - 829
سجود کی اقسام اور ان کے احکام فرض نمازوں کے سجود سجدہ میں جاتے ہوئے پہلے ہاتھ رکھے جائیں یا گھٹنے؟ سوال: صحیح ابوداود از علامہ البانی رحمہ اللہ میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سجدہ میں جاتے وقت اونٹ کی طرح بیٹھنے سے منع فرمایا اور حکم دیا کہ گھٹنوں سے پہلے ہاتھ رکھو۔ یہ روایت حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے،جبکہ وائل بن حجر رضی اللہ عنہ کی حدیث جو ابوداود، نسائی اور ترمذی وغیرہ میں موجود ہے، اس میں ارشاد یہ ہے کہ’’وائل بن حجر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا،جب آپ سجدہ کرتے تو دونوں گھٹنے ہاتھوں سے پہلے رکھتے اور جب سجدہ کے بعد اُٹھتے تو دونوں ہاتھ گھٹنوں سے پہلے اُٹھاتے۔‘‘ علماء اہلحدیث دونوں احادیث کو صحیح کہتے ہیں مگر ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ چونکہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت اسناد کے لحاظ سے زیادہ قوی اور عمدہ ہے لہٰذا اسی کو ترجیح ہے۔ اختلاف کی بات یہ ہے کہ رفع الیدین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری عمل سے ثابت ہے جس کا ثبوت وائل بن حجر رضی اللہ عنہ کی صحیح حدیث ہے۔ وائل بن حجر رضی اللہ عنہ ۹ ہجری کے موسم سرما میں مسلمان ہوئے ، جب آپ رضی اللہ عنہ ۱۰ہجری میں دوبارہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو رفع الیدین کرتے دیکھا لہٰذا رفع الیدین کی ناسخ وہی روایت ہو سکتی ہے جو وائل بن حجر رضی اللہ عنہ کے دور کے بعد کی ہواور ایسا ممکن نہیں۔اسی بات کو اگر اس طرح کہا جائے کہ سجدہ کو جاتے وقت ہاتھوں سے پہلے گھٹنے رکھنا، وائل بن حجر رحمہ اللہ کی حدیث کی وجہ سے رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری عمل ہونا ثابت ہوگیا لہٰذا ترجیح آخری عمل کو ہے اور پچھلا حکم منسوخ ہوگیا اور اس عمل کی ناسخ حدیث اس دور کے بعد کی ہونی چاہئے جو کہ ممکن نہیں۔ کیا اہلحدیث اس کے یکسر خلاف عمل نہیں کرتے؟ جواب: مذکورہ مسئلہ میں صحیح موقف یہ ہے کہ وائل بن حجر کی روایت ضعیف ہے جس کو ابوداود، نسائی اور ترمذی وغیرہ نے روایت کیا ہے۔ اس کی سند شریک بن عبداللہ قاضی کی وجہ سے ضعیف ہے، ہمام رحمہ اللہ نے بھی ان کی متابعت کی ہے مگر اُنہوں نے اس حدیث کو موصول کی بجائے مرسل روایت کہا ہے۔ حازمی نے مرسل ہی کو محفوظ کہا ہے، ہمام سے اس حدیث کی ایک دوسری سند بھی ہے مگر وہ منقطع ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے۔ تفصیل کے لئے ملاحظہ ہو :سلسلۃ الاحادیث الضعیفۃ :۲؍۳۲۹،۳۳۰ اور إرواء الغلیل:۲؍۷۵،۳۵)
Flag Counter