Maktaba Wahhabi

63 - 829
یا پھر اس کا مبنی حدیث کی صحت و ضعف کا اختلاف ہے، جیسے صحابہ میں اختلاف کی ایک وجہ کسی حدیث سے بے خبری یا اس کے نسخ یا عدم نسخ سے لاعلمی بھی تھی۔ یہ اختلاف افتراقِ امت کا باعث نہیں، اسی لیے صحابہ و تابعین کا دور ،اختلافات کے باوجود، فرقہ بندیوں سے پاک تھا۔ بنابریں اہل تقلید کا یہ دعویٰ کہ ہماری تقلید وہ نہیں جس کو ممنوع اور حرام کہا گیا ہے بلکہ ہمارا طریقہ تو وہی ہے جو صحابہ و تابعین کا تھا، کس طرح درست قرار دیا جا سکتا ہے، جب کہ دونوں طریقے فکر و منہج سے لے کر مقصد و مدعا تک ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہیں؟ اور ان کے درمیان اتنی وسیع خلیج حائل ہے کہ جس کا پاٹنا بظاہر نہایت مشکل ہے۔﴿إِلَّا أَنْ یَّشَآئَ اللّٰہُ﴾ اس دعوے کے ردّ میں یا دونوں نقطہ ہائے نظر کے فرق و اختلاف پر بہت کچھ کہا جا سکتا ہے اور تقلید کے وہ نمونے بھی پیش کیے جا سکتے ہیں، جن میں فقہ کے مقابلے میں صحیح احادیث کو نظر انداز کیا گیا ہے یا ان میں دوراز کار تاویلیں کی گئی ہیں۔ لیکن ہمارا مقصدچونکہ اختلافات کی خلیج کو، جو پہلے ہی ناقابل عبور بنی ہوئی ہے، وسیع کرنا نہیں ہے، ﴿ وَاللّٰہُ عَلٰی مَا نَقُوْلُ وَکِیْلٌ﴾ اس لیے اس پر گفتگو کرنے کے بجائے ہم ((الدِّیْنُ النَّصِیْحَۃُ)) (دین خیر خواہی کا نام ہے) کے طور پر اختلافات کی شدّت کو ختم کرنے کے لیے چند گزارشات پیش کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔ علماء سے تو ہمیں یہ امید بہت کم ہے کہ وہ سنجیدگی سے ان پر غور فرمائیں گے ، تاہم عوام سے ہم یہ استدعا ضرور کریں گے کہ وہ ان پہلوؤں پر غور کریں اور اس کی روشنی میں فیصلہ کریں کہ وہ اب تک جس راہ پر چلتے آئے ہیں وہ واقعی صحیح ہے ؟ یا اس کا رُخ بدلنے کی ضروت ہے؟ حدیث کی کتاب کا مطالعہ کرتے وقت اگر عوام میں یہ احساس اُجاگر ہو جائے اور غور وفکر کا داعیہ اور جذبہ پیدا ہو جائے اور اس کے ساتھ ساتھ صراطِ مستقیم کی اللہ تعالیٰ سے دعا اور اس کی طلب ِ صادق بھی ان کے اندر ہو،تو یقینا اللہ تعالیٰ مدد فرمائے گا۔ بقولِ علامہ اقبال ؎ ہم تو مائل بہ کرم ہیں ، کوئی سائل ہی نہیں راہ دکھلائیں کسے ، راہروِ منزل ہی نہیں قابلِ غوروفکر پہلو: ۱۔ اللہ کا نازل کردہ دین ایک ہی ہے اور وہ اسلام اور صرف اسلام ہے۔ ﴿اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلَامُ ﴾ (آل عمران:۳؍۱۹) ﴿ وَ مَنْ یَّبْتَغِ غَیْرَ الْاِسْلَامِ دِیْنًا فَلَنْ یُّقْبَلَ مِنْہُ وَ ھُوَ فِی الْاٰخِرَۃِ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ﴾ (آل عمران:۳؍۸۵)
Flag Counter