Maktaba Wahhabi

669 - 829
اور وہ مجہولہ ہے۔ حاکم کی روایت میں ’’عن أمہ‘‘ کی بجائے ’’عن أبیہ‘‘ کے الفاط ہیں، لیکن اس کے باپ کا ذکر کتابوں میں نہیں ملتا، شاید یہ حاکم یا ناقلین میں سے کسی کا وَہم ہے۔ بہرصورت اس بارے میں بطورِ نص کوئی صحیح حدیث موجود نہیں۔ جو لوگ عورت کے لیے پاؤں ڈھانپنے کے وجوب کے قائل ہیں، ان کا انحصار اس کمزور دلیل پر ہے، جو ناقابلِ التفات ہے۔ لہٰذا اگر کوئی خاتون اس کا اہتمام کر لے تو بہتر ہے، ورنہ مسئلہ ہذا میں تشدد اختیار کرنا درست نہیں۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو! إرواء الغلیل لشیخنا المحدث ناصر الدین الالبانی رحمہ اللہ (۱؍ ۳۰۴) تعاقب مولانا ارشاد الحق اثری۔عورت کے لیے پاؤں ڈھانپنے کا حکم: ’’الاعتصام‘‘ شمارہ نمبر۱۰، جلد نمبر۵۷، کے ص:۱۴، پر اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کا استفتاء اور اس کا جواب شائع ہوا۔ سوال میں جن دو باتوں کے بارے میں استفسار تھا، اس کے ایک پہلو کا جواب تو محترم شیخ الحدیث حضرت مولانا ثناء اﷲ خان صاحب مدنی حفظہ اللہ نے دیا۔ مگراس کے دوسرے پہلو کے جواب کی طرف انھوں نے توجہ نہیں فرمائی۔ حالاں کہ جواب کا وہ پہلو بنیادی اور اوّلیت کا حامل ہے اور اس پر دوسرے حصے کا جواب متفرع ہوتا ہے۔ اسی بناء پر جو جواب دیا گیا وہ بھی مخدوش اور محلِ نظر ہے۔ سوال کا خلاصہ خود طالبہ سمیہ عزیز صاحبہ کے الفاظ میں یہ ہے : ’’ کیا عورت کو اپنے پاؤں ڈھانپنے چاہئیں، اور بالخصوص نماز میں اس کا حکم کیا ہے ؟‘‘ چنانچہ سوال کے آخری حصہ کے بارے میں جو کچھ فرمایا گیا، اس کے مختصراً الفاظ یوں ہیں: ’’دورانِ نماز عورت کے لیے پاؤں کی پشت ڈھانپنے کے بارے میں ’’سنن ابی داؤد‘‘ وغیرہ میں جو روایت ہے، وہ سنداً مرفوع اور موقوف دونوں طرح ضعیف ہے۔ لہٰذا قابلِ حجت نہیں۔ جو لوگ عورت کے لیے پاؤں ڈھانپنے کے وجوب کے قائل ہیں، ان کا انحصار اس کمزور دلیل پر ہے، جو ناقابلِ التفات ہے۔ لہٰذا اگر کوئی خاتون اس کا اہتمام کرے تو بہتر ہے ورنہ مسئلہ ہذا میں تشدد اختیار کرنا درست نہیں۔‘‘ ظاہر ہے کہ اس میں پہلے حصے: ’’ کیا عورت کو اپنے پاؤں ڈھانپنے چاہئیں‘‘ کا جواب نہیں۔ حالانکہ اس کی بابت راجح اور صحیح موقف یہی ہے کہ عورت کی پُشتِ پاؤں بھی سَتر ہے۔ چنانچہ حضرت عبد اﷲ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص تکبراً اپنا کپڑا لٹکاتاہے، قیامت کے دن اﷲ تعالیٰ اس کی طرف نظرِ رحمت سے نہیں دیکھے گا۔‘‘
Flag Counter