Maktaba Wahhabi

741 - 829
اور نمازِ فجر کے بعد بھی قضادے لی جائے تو جواز ہے۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی میں ہے کہ’’جوشخص سوگیا یا بھول گیا تو وہ صبح کرے یا جب یاد آئے وتر پڑھ لے’’۔ یہ روایت ترمذی میں ہے لیکن اس کی سند میں ایک راوی عبدالرحمن بن زید بن اسلم ائمہ حدیث کے نزدیک قابل حجت نہیں، البتہ اس کا ایک متابع (مؤید) محمد بن مطرف سنن ابوداد ، دارقطنی او رحاکم میں موجود ہے۔اس لیے یہ حدیث قابل حجت ہے۔ وِتر کی نماز کے بعد بیٹھ کر دو نفل پڑھنا : سوال: کیا وِتر کی نماز کے بعد بیٹھ کر دو نفل پڑھنا جائز ہے؟ جواب: وتروں کے بعد دو رکعتیں پڑھنے کا صرف جواز ہے۔ تاکیدنہیں۔ چنانچہ ’’صحیح مسلم‘‘ میں ہے: ((ثُمَّ یُوتِرُ، ثُمَّ یُصَلِّی رَکعَتَینِ، وَ ھُوَ جَالِسٌ )) [1] یعنی پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم وِترپڑھتے۔ بعد ازاں بیٹھ کر دو رکعتیں ادا کرتے۔ یہ بھی یاد رہے! بِلَا عُذر بیٹھ کر نماز پڑھنے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے پورا ثواب تھا، جب کہ ایک امتی کے لیے آدھا ثواب ہے۔ ملاحظہ ہو! صحیح مسلم:۱؍۲۵۳۔ لہٰذا اجر کی تکمیل کے پیشِ نظر اگر کوئی ان دو رکعتوں کو پڑھنا چاہے تو کھڑا ہو کر پڑھے۔اگرچہ أولیٰ (بہتر) نہ پڑھنا ہے، تاکہ وِتر رات کی آخری نماز بن سکے۔ جس طرح کہ نص حدیث میں بصیغۂ أمر موجود ہے۔ (( اِجعَلُوا آخِرَ صَلٰوتِکُم بِاللَّیلِ وِترًا )) [2] اصول فقہ کا قاعدہ ہے کہ ’’فعل‘‘ پر ’’أمر‘‘ مقدم ہوتا ہے۔ اس لیے کہ فعل میں خاصہ(خصوصیت) کا احتمال ہوتا ہے، جب کہ ’’أمر‘‘ میں یہ شے نہیں۔[3]
Flag Counter