Maktaba Wahhabi

168 - 614
میت کو قبر میں دفن کرنے کے بعد قبر پر کھڑے ہو کر ’’سورۃ بقرۃ‘‘ کی آیات تلاوت کرنا سوال۔میت کو قبر میں دفن کرنے کے بعد قبر پر ’’سورہ بقرہ ‘‘کے ابتدائی اور آخری رکوع کی تلاوت کرنا اور اسمائے الٰہی پڑھنا کیسا ہے ؟ کیا میت کی بخشش کے لیے اس موقع پر جنازے والی دعائیں پڑھی جا سکتی ہیں؟ (محمد یحییٰ عزیز۔قصور) (4مئی 2000) جواب۔ قبر پر کھڑے ہو کر ’’سورہ بقرہ‘‘ کی آیات کی تلاوت والی حدیث امام بیہقی رحمۃ اللہ علیہ نے’’شعب الایمان‘‘ میں ذکر کی ہے لیکن اُسے ضعیف قرار دیا ہے۔ اور کہا ہے کہ درست بات یہ ہے کہ یہ ابن عمر رضی اللہ عنھما کا قول ہے۔ اسمائے الٰہی کا وِرد بھی ثابت نہیں۔ البتہ دعاء کرنا جزء رفع الیدین و نسائی وغیرہ میں ثابت ہے اوردعائیں جونسی چاہے پڑھ لے۔ قبر پر میت کے سرہانے ’’سورۃ البقرۃ‘‘ کی تلاوت کرنا سوال۔ میت کو دفنانے کے بعد قبر کے سرہانے اور پاؤں کی طرف کھڑے ہو کر ’’سورہ البقرۃ‘‘ کی ابتدائی اور آخری آیات اور قل وغیرہ کی تلاوت کے بارے میں عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنھما کی جو روایت پیش کی جاتی ہے کیا وہ سنداً صحیح ہے اور کیا یہ عمل مسنون ہے ؟ (سائل ) (24اگست 2001) جواب۔ یہ روایت مرفوع اور موقوف دونوں طرح ثابت نہیں۔ مرفوع میں راوی یحییٰ بن عبداللہ الضار البابلتی ضعیف ہے۔ ابو حاتم وغیرہ نے اس کو ضعیف قرار دیا ہے اور ازوی نے کہا متروک ہے۔ اور موقوف کی سند میں عبدالرحمن بن العلاء بن اللجاج مجہول ہے۔ ملاحظہ ہو حاشیہ مشکوٰۃ علامہ البانی:(1/538) قبرستان میں بیٹھ کر قرآن مجید کی تلاوت کرنا سوال۔کیا قرآن مجید قبرستان میں لے جا کر قبر پر بیٹھ کرپڑھنا یا زبانی قبر کے پاس پڑھنا جائز ہے یا کہ نہیں؟ دونوں طرح کے دلائل دیں! (سائل: محمد حامد عاصم آلہ آبدی آرائیانوالہ) (24 اکتوبر 1997ء) جواب۔ قبرستان میں قرآن مجید پڑھنا کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں۔ قبرستان میں مرحومین کی بخشش کے لیے کون سی دعائیں پڑھنا مسنون ہیں؟ سوال۔ قبرستان میں جا کر مرحومین کی بخشش کے لیے کون کون سی دعائیں پڑھنا مسنون ہیں؟ اور قبر کے کس حصے پر کھڑے ہو کر دعائیں پڑھیں؟(سائل محمد یحییٰ عزیز کوٹ رادھا کشن) (14 اگست 1998) جواب۔ قبرستان میں میت کے لیے ہر وہ دعا پڑھی جا سکتی ہے جس میں اس کے لیے مغفرت کی دعا ہو ۔ مثلاً {رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِاِِخْوَانِنَا الَّذِیْنَ سَبَقُوْنَا بِالْاِِیْمَانِ } (الحشر:10) اور عائشہ رضی اللہ عنہا کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دعا بھی سکھائی تھی۔
Flag Counter