Maktaba Wahhabi

294 - 614
بچوں کا ہوتا تو پھر بھی زکوٰۃ واجب تھی۔ چھوٹے بچوں کے لیے راجح مسلک یہ ہے کہ ان کے مال میں زکوٰۃ واجب ہوتی ہے۔ اس موضوع پر میرا ایک تفصیلی فتویٰ تنظیم اہلحدیث لاہور میں شائع شدہ ہے۔ ذاتی رہائشی مکان پر زکوٰۃ کا حکم سوال۔ ہمارے ایک دوست نے کچھ رقم دے کر بھائیوں اور بہنوں سے ان کے حصے خرید کر مکان کرایہ پر دیا ہوا ہے جب کہ ان کی رہائش پہلے ہی ایک ذاتی مکان میں ہے۔ جواب طلب بات یہ ہے کہ اضافی مکان کے کرائے پر زکوٰۃ ہے یا اصل مالیت پر یا دونوں پر وضاحت فرمائیں۔ (منیر احمد رحیم یار خان) (26 مارچ 1999ء) جواب۔ ذاتی رہائشی مکان پر زکوٰۃ نہیں۔ تاہم دوسرے مکان کے کرایہ پر زکوٰۃ ہے جب کہ اس پر سال گزر جائے اور اس رقم کو خرچ نہ کیا ہو۔ نصاب کو پہنچنے کی صورت میں زکوٰۃ واجب ہے۔ مکانوں اور دکان کی مالیت پر زکاۃ ادا کریں یا کرائے کی آمدن پر؟ سوال۔ایک آدمی کے پاس چار گھر اوردو دکانیں ہیں۔ ایک گھر میں وہ خود رہتا ہے اور ایک دکان میں کاروبار کرتا ہے باقی تین گھر اور ایک دکان کرائے پر دی ہوئی ہے۔ کیا ان تین مکانوں اور دکان کی مالیت پر زکوٰۃ ہوگی یا کرائے کی آمدن پر خرچ نکال کر ہو گی؟ جواب۔ سال بعد جمع شدہ کرائے کی آمدن پر زکوٰۃ ہوگی۔ آمدن کے ذرائع پر زکوٰۃ نہیں بلکہ جو کچھ ان سے حاصل ہو گا اس میں زکوٰۃ ہے۔ سوال۔ فیکٹریوں والے اکثر زکوٰۃ نکالتے وقت اپنی فیکٹری کی زمین، عمارت، مشینری اور ہر قسم کی فٹنگ جو فیکٹری میں نصب ہوتی ہے ،اُس پر زکوٰۃ نہیں دیتے۔ کیا یہ صحیح طریقہ ہے؟ لینا دینا نکال کر جو نقد رقم اُن کے پاس بچتی ہے، اُس پر زکوٰۃ دیتے ہیں، کیا اس طرح زکوٰۃ کا حق ادا ہو جائے گا؟ جواب۔ مذکورہ طریقہ کار درست ہے۔ خریدی ہوئی جائیدادپر زکوٰۃ ہوگی؟ سوال۔ ایک آدمی کے پاس لاکھوں روپے ہیں اور باقاعدگی سے زکوٰۃ ادا کرتا ہے۔ ایک وقت آتا ہے کہ وہ اُس رقم کی جائداد خرید لیتا ہے اور اُس پر فی الحال کوئی آمدن نہیں ہے۔ کیا وہ شخص زکوٰۃ دینے سے مستثنیٰ ہوگیا ہے یا نہیں؟ جواب۔ جائداد اگر ذاتی ملکیت کے لیے خریدی ہے تو اس میں زکوٰۃ نہیں اور اگر بہ نیت تجارت خرید کی ہے تو اس میں زکوٰۃ واجب ہے۔
Flag Counter