Maktaba Wahhabi

300 - 614
گنا کی فصل میں عشر قیمت کے اعتبارسے یا وزن کے اعتبار سے نکالیں؟ سوال۔ کیا گنا کی فصل میں عشر قیمت کے اعتبار سے نکالا جائے گا یا وزن کا اعتبار ہی ضروری ہے؟ بَیِّنُوْا تُوجرُوْا (ایک سائل) (24اکتوبر 1997ء) جواب۔ کماد کا عشر گڑ شکر کے وزن کا اندازہ کر کے نکالا جائے۔ مثلاً گڑ شکر کا اندازہ پانچ وسق (20من پختہ) ہے تو بیس من کی قیمت کا دسواں یا بیسواں حصہ دیا جائے۔ حسبِ تفاوت بارانی یا چاہی اس سے زائد جتنا ہو گا اسی حساب سے اس کا عشر بھی ادا کرنا ہو گا۔ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: (وَاتَّفَقُوا عَلَی وُجُوبِ الزَّکَاۃِ فِیمَا زَادَ عَلٰی خَمْسَۃِ أَوْسُقٍ بِحِسَابِہِ وَلَا وَقْصَ فِیہَا) [1] تھریشر مشین کے ذریعے جمع شدہ گندم پر عشر؟ سوال۔ عمر نے ایک تھریشر مشین خریدی اور پھر علاقہ بھر کے زمینداروں کے کھلیانوں پر جا کر گندم کی گھائی (دانہ اور بھوسہ الگ الگ) کی۔ طے پایا تھا کہ ہر دس بوری گندم کی گھائی پر ایک بوری عمر لے گا۔ اس طرح عمر کے پاس 100 بوری گندم اکٹھی ہو گئی۔ کیا عمرپر عشر واجب الاداء ہے یا نہیں؟ جواب۔ سبزیوں کے ما سوا عشر زمین کی پیداوار میں ہے۔ تھریشر مشین کے ذریعے جمع شدہ گندم چونکہ اس قبیل سے نہیں اس لیے اس میں عشر بھی نہیں۔ پکے ہوئے باغ کو ٹھیکے پر دینے کی صورت میں عشر کس طرح ادا کریں؟ سوال۔ تین بھائیوں نے مل کر باغ لگایا ۔ جب باغ بار آور ہوا اور پک کر تیار ہوگیا تو انھوں نے یہ باغ ایک لاکھ روپے کے عوض ٹھیکہ پر دے دیا۔ اس صورت میں وہ عشر کس طرح ادا کریں؟ جواب۔ اس صورت میں عشر اکٹھے ایک مالک کی ملکیت سمجھ کر ادا کیا جائے گا جس طرح کہ شریعت میں مختلف مالکوں کی اکٹھی بکریوں کی زکوٰۃ کا حکم ہے۔ البتہ یہ شئے جس کا عشر ادا کرنا ہے ایسی ہونی چاہیے کہ اس کا ذخیرہ بھی ہو سکے۔ بصورتِ دیگر اس میں عشر نہیں۔ نیز عشر موجود جنس سے بااندازہ خشک اور تخفیف چوتھائی حصہ قریباً کی صورت میں لیا جائے گا۔ پھر اسی حساب سے رقم ٹھیکے سے مستاجر کو واپس کردی جائے۔
Flag Counter