Maktaba Wahhabi

391 - 614
علامہ ابن دقیق العید رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ المزی رحمۃ اللہ علیہ نے اس بارے کچھ شبہات کا ذکر کیا ہے اور کہا ہے صحیحین میں مدلسین کی بعض روایات میں صراحت سماع ثابت نہیں۔ مگر حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: (لَیْسَتِ الاَحَادِیْثُ الَّتِیْ فِی الصَّحِیحَیْنِ بِالْعَنْعَۃِ عَنِ الْمُدَلِّسِیْنَ کُلِّہَا فِی الاِحْتِجَاجِ فَیُحْمَلُ کَلَامُہُمْ ہُنَا عَلٰی مَا کَانَ مِنْہَا فِی الْاِحْتِجَاجِ فَقَطْ، وَ أَمَا مَا کَانَ فِی الْمُتَابِعَاتِ فَیَحْتَمِلُ اَنْ یَّکُوْنَ حَصَلَ التَّسَامُحُ فِی تَخْرِیْجِہَا کَغَیْرِہَا …) [1] ”صحیحین میں مدلسین کی معنعن روایات تمام کی تمام ایسی نہیں جن سے احتجاج و استدلال کیا گیا ہے اور جن حضرات نے کہا ہے کہ صحیحین میں مدلسین کی معنعن روایات محمول علی السماع ہیں۔ تو اس سے مراد وہی روایات ہیں جن سے استدلال کیا گیا ہے۔ البتہ وہ روایات جو متابعات میں ہیں، تو ان کے بارے میں احتمال ہے کہ ان میں تسامح ہوا ہو جیسا کہ دوسری متابعات میں تسامح ہوا ہے۔ امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ دوسرے طبقہ کے راویوں سے بھی متابعات میں روایت لیتے ہیں۔ جیسے ان کی روایات اور طبقہ اولیٰ کے راویوں کی روایات میں فرق ہے ، یہی فرق استدلالاًو احتجاجاً روایت میں اور اس کی متابعات میں مدلسین کے بارے میں بھی ملحوظ رکھنا چاہیے۔‘‘ متقدمین محدثین رحمۃ اللہ علیہم کے پیش نظر لاکھوں احادیث بالکل سامنے اور آنکھوں سے دیکھنے کی بات تھی۔ جیسا کہ ان کے تراجم میں کہا گیا ہے: (کَأَنَّ السُّنَنَ بَیْنَ عَیْنَیْہِ)وہ حضرات اگر کسی روایت میں انقطاع و تدلیس کا حکم لگائیں تو اس کی نوعیت اور ہے۔ حافظ ابن حزم یا متاخرین میں کسی کا یہ فیصلہ بہر نوع محل بحث و نظر ہے۔ حافظ ابن حزم رحمۃ اللہ علیہ کا اپنی تمام تر وسعت ِ نظر کے باوجود نقد و جرح میں وہ مقام نہیں جو ائمہ متقدمین کو حاصل ہے۔ جس کا کسی بھی صاحب ِ علم کو انکار نہیں۔ ضرورت محسوس ہوئی تو اس کے بارے میں بھی شواہد پیش کردیے جائیں گے۔ ان شاء اللہ علامہ ذہبی اور مسلم میں مدلس کی معنعن روایت علامہ ذہبی رحمۃ اللہ علیہ کی قدرو منزلت سے کون واقف نہیں؟ انھوں نے بھی’’صحیح مسلم‘‘میں ابوالزبیر کی معنعن روایت پر عدم اطمینان کا اظہار فرمایا اور بطورِ دلیل’’صحیح مسلم‘‘کی تین احادیث بھی ذکر کردیں جو حسب ذیل ہیں: 1۔ (لَا یَحِلُّ لِأَحَدِکُمْ أَنْ یَحْمِلَ بِمَکَّۃَ السِّلَاحَ) 2۔ (رَأَی عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ اِمْرَأَۃً فَاَعَجَبْتُہ فَأتَی أَھْلَہٌ زَیْنَبَ)
Flag Counter