Maktaba Wahhabi

406 - 614
قربانی کا جانور خریدنے کے بعد اگر نقص واقع ہو جائے؟ سوال۔محترم حافظ صاحب! السلام علیکم ایک آدمی نے قربانی کے لیے بکرا خریدا ہوا تھا، اس بکرے کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ کیا اب اس کی قربانی کی جا سکتی ہے ؟ (خالد محمود ، ضلع قصور) ( 26 جنور 2001ء) جواب۔ قربانی کی نیت سے خریدے ہوئے بکرے کی اگر ٹانگ ٹوٹ جائے تو اس کا علاج کرائیں۔ اگر صحت مند ہو جائے یعنی لنگڑے پن کا اثر باقی نہ رہے، تو یہ قربان ہو سکتا ہے بصورتِ دیگر اس کو بدلنا ضروری ہے۔ قربانی کے متعلق ایک فتوے کی وضاحت سوال۔آپ نے قربانی کے جانور کے متعلق لکھا ہے کہ تبدیل کر سکتا ہے ۔ جب کہ ایک حدیث میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک آدمی آیا اور اس نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میں نے دنبہ قربانی کے لیے رکھا ہوا تھا ۔اس کی چکلی بھیڑیا لے گیا ہے توآپ نے فرمایا: (ضَحِّ بِہٖ ) [1] آپ نے فرمایا: اس کی قربانی کر۔‘‘(ابن ماجہ) نیز ’’التوحید‘‘اخبار میں ایک آدمی نے مولانا داؤد غزنوی رحمۃ اللہ علیہ سے قربانی کے متعلق دریافت کیا کہ میں نے قربانی کے لیے گائے چھوڑی ہے مگر کمزور اور بیمار ہے اس کو بدل کر قربانی کروں؟ تو مولانا نے فرمایا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک آدمی آیا اور اس نے پوچھا یا رسول اللہ! صلی اللہ علیہ وسلم میں نے گائے قربانی کے لیے چھوڑی تھی مگر کمزور اور بیمار ہے میں بدلنا چاہتا ہوں تو آپ نے فرمایا: ’’اسی کی قربانی کر‘‘ اس کی وضاحت فرما دیجیے شکریہ۔(سائل عبدالغفور وٹو) (26 جنوری 2001ء) جواب۔ اولاً چکی والی روایت ضعیف ہے۔ اگر اسے صحیح بھی مان لیا جائے تو یہ نقص ان نقائص میں سے نہیں جن کی وجہ سے جانوروں کی قربانی سے منع کیا گیا ہے۔ گائے سے متعلقہ قصے والی کوئی روایت میرے علم میں نہیں۔ پیدائشی بے دانت جانور کی قربانی کا حکم سوال۔ایک بکرا جس کی عمر اس وقت ایک سال تین ماہ ہے اور پیدائشی طور پر اس کے دانت نہیں ہیں جب کہ قربانی کے جانور کے لیے دو دانت والا ہونا ضروری ہے تو کیا ایسی صورت میں ایسا جانور قربانی کیا جا سکتا ہے۔ نیز اب ایک سال تین ماہ بعد اس کے سامنے کے دو دانت نکلنے شروع ہو چکے ہیں۔بَیِّنُوْا تُوجرُوْا (محمد حسن احسن، خطی، عارف والا ضلع ساہیوال) (5 نومبر1993ء) جواب۔ اس قسم کے نادر واقعات میں عام عادت کا لحاظ رکھا جاتاہے۔ ہمارے ہاں عام حالات میں بکرا ڈیڑھ سال کے لگ بھگ دو دانت نکال ڈالتا ہے۔ اس اعتبار سے مذکور بکراعمر ہذا کو اگر پہنچ جائے تو وہ لائق قربانی ہے۔ ان شاء اللہ۔ غالباً اس قسم کے امور کے پیش نظر بعض ائمہ جانوروں میں صرف تحدید عمر کے قائل نظر آتے ہیں۔ کما فی النھایۃ
Flag Counter