Maktaba Wahhabi

484 - 614
(وَالْحَدِیْثُ یَدُلُّ عَلٰی مَشْرُوْعِیَۃ لُبِس السَّوَادِ وَ اِنَّہٗ لَا کَرَاہَۃ فِیْہِ ) ”یعنی یہ حدیث سیاہ لباس پہننے کے جواز پر دلالت کرتی ہے۔‘‘ ”سنن النسائی‘‘ میں ہے کہ فتح مکہ کے دن آپ نے سیاہ پگڑی پہنی ہوئی تھی۔ (اللباس العمائم السواد) کیا پتلون پہننا جائز ہے ؟ اور شرفاء سے کیا مراد ہے ؟ سوال۔ کیا پتلون پہننا جائز ہے؟ کہتے ہیں کہ جس چیز کو شرفاء قبول کرلیں وہ چیز جائز ہو جاتی ہے۔‘‘ شرفاء سے کیا مراد ہے ؟(ام کلثوم۔ لاہوتی) (16۔ اگست 2002ء) جواب۔ شیخ ابن باز اور سعودی عرب کے کئی ایک اہل علم پتلون کے جواز کے قائل ہیں۔(فتاویٰ ابن باز1/236) شرفاء سے مراد متدین لوگ ہیں۔ مرد کے لیے چست لباس پہننا جائز ہے ؟ سوال۔ مرد کے لیے ایسا چست لباس پہننا جائز ہے جو باریک تو نہ ہو البتہ اس نے تمام ستر اچھی طرح چھپا دیا ہو ، لیکن اس کی تراش خراش ایسی ہو کہ کولہوں کے سائز اور ان کی حدود کا تعین ممکن ہو اور ایک ٹانگ بھی دوسری ٹانگ سے الگ نظر آرہی ہو؟ جواب۔ ایسا تنگ لباس جو ساتر(مکمل چھپانے والا) ہو اور جس سے جسم کے اندرونی حصے کا وصف بیان نہ ہوتا ہو( مثلاً جلد سفید ہے یا سیاہ وغیرہ) مرد کے لیے پہننے میں کوئی حرج نہیں۔ اگرچہ زیادہ بہتر اور احتیاط اسی میں ہے کہ لباس کھلا ہو۔(فتاویٰ اسلامیہ: 4/242) پینٹ شرٹ کا حکم سوال۔ پینٹ شرٹ پہننا کیا جائز ہے، ٹائی وغیرہ بھی؟ (سائل: اجمل احمد فاروقی، گوجرانوالا)( 13 ۔اپریل2007ء) جواب۔ جس طرز لباس کو شرفائے قوم اختیار کرلیں اس کا پہننا جائز ہے اگرچہ معاشرہ میں غیر قوم کا شعار سمجھا جائے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے شامی جبہ پہنا تھا حالاں کہ وہ اس وقت دار الکفر تھا اور بعض روایات میں رومی کا ذکر ہے۔’’صحیح بخاری‘‘ باب الصلاۃ فی الجبۃ الشامیۃ۔[1] ٹائی لگانے کا حکم سوال۔ بلاشبہ ٹائی پہننا عیسائیوں کی علامت تھی لیکن موجودہ دور کے مسلمانوں میں بھی وہ عام اور مروّج ہو چکی ہے، کیا اس صورت حال میں ٹائی پہننا جائز ہے ؟ (عطا محمد جنجوعہ) (27 / اگست 2004ء)
Flag Counter