Maktaba Wahhabi

87 - 614
غسل کے دوران میت کے ناخن تراشنا یا زیر ناف صاف کرنا جائز ہے ؟ سوال۔ اگر میت کے ناخن اور موئے زیرِ ناف بڑھے ہوئے ہوں تو غسّال (غسل دینے والے) کے لیے ان بالوں اور ناخنوں کو صاف کرنا ضروری ہے یا نہ چھیڑے؟ (وقار علی۔ لاہور) ( 18 اپریل 1997ء) جواب۔ میت کے نزدیک ناف بڑھے ہوئے بالوں کو صاف کرنا چاہیے۔ ابن ابی شیبہ وغیرہ میں ایسے آثار و اقوال موجود ہیں۔ کیا وفات کے بعد میت کے مصنوعی دانت نکالنے ضروری ہیں؟ سوال۔ اگر کسی شخص نے سونے یا کسی اور قیمتی دھات کے مصنوعی دانت لگوائے ہوں اور وہ فوت ہو جائے تو کیا ان دانتوں کو نکال کر استعمال میں لایا جا سکتا ہے ؟ اگر دفناتے وقت دانت نکالنے مشکل ہوں تو کیا اسے مصنوعی دانتوں سمیت دفنایا جا سکتا ہے ؟ (سائل)(20 مئی 2005) جواب۔ وفات کی صورت میں ایسے دانت کو نکال کر استعمال میں لایا جا سکتا ہے ، حدیث میں مال ضائع کرنے سے منع کیا گیا ہے اور اگر وہ کسی وجہ سے اتر نہ سکتے ہوں تو اسی حالت میں میت کو دفن کردیا جائے۔ (لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَہَا) (البقرۃ:286) مخنث کی میت کو غسل کون دے؟ سوال۔ مخنث کی میّت کو کو غسل کون دے ؟(عبدالحفیظ سموں ،بدین) (9 جنوری 1998) جواب۔ وفات کی صورت میں اس کو غسل وہ صنف دے گی جس کے ساتھ ملحق ہو گا اور عدمِ انکشاف کی صورت میں اس کو غسل مرد دیں گے کیونکہ کتاب و سنت میں عام حالات میں تذکیر کو تانیث پر غلبہ حاصل ہے۔ قرآن میں ہے: {وَکَانَتْ مِنَ الْقٰنِتِیْنَ } (التحریم:12) نیز فرمایا: {فَقَالَ لِاَھْلِہِ امْکُثُوْا} (طٰہٰ:10) کیا مرد کے کفن میں قمیص ضروری ہے؟ سوال۔ اگر کوئی شخص مر جائے تو اس کی کفنی(قمیص) آگے تو گھٹنوں سے ذرا نیچے تک اور پچھلی طرف کیا کمر تک ہونی چاہیے یا آگے کی طرح پوری بنائی جائے۔ (ڈاکٹر محمد اسحاق شاہ، یاروخیل،میانوالی) جواب۔ مرد کے کفن میں قمیص کا کسی قابلِ حجت و استدلال روایت سے ثبوت نہیں ملتا بلکہ بعض صحیح روایات نفی پر دال ہیں۔ آدمی کا کامل اور مکمل کفن صرف تین چادریں ہیں۔(نیل الاوطار،ج:4،ص: 41)
Flag Counter