Maktaba Wahhabi

94 - 614
(صلوٰۃ الجنازۃ /نمازِ جنازہ) نمازِ جنازہ سے پہلے فرض نماز کا پڑھنا سوال۔ نمازِ جنازہ سے پہلے فرض نماز کا پڑھنا کیا ضروری ہے اور اگر فرض نہیں پڑھ سکتا تو جنازہ میں شامل نہ ہو؟ جواب۔ فرضی نماز سے قبل یا بعد ہر دو صورت میں نمازِ جنازہ میں شمولیت کا جواز ہے۔ اس لیے کہ کسی حدیث میں نہی وارد نہیں۔ بلاعذر بیٹھ کر نمازِ جنازہ پڑھانا سوال۔ ایک اخبار میں ہم نے دیکھا ایک امریکی مسلمان ڈاکٹر مرنے والوں کاغائبانہ جنازہ پڑھا رہا ہے اور امام و مقتدی سب بیٹھ کر ادا کر رہے ہیں، کیا ایسا کرنا قرآن و حدیث کی رُو سے جائز ہے؟ ( ابوطلحہ محمد خالد عزیز) (21۔ اپریل 2000ء) جواب۔ استطاعت کی صورت میں نماز کھڑے ہوکر پڑھنی چاہیے۔ نماز جنازہ ہو یا کوئی اور نماز حکم سب کا ایک جیسا ہے۔ بلاوجہ بیٹھ کر جنازہ پڑھنا درست عمل نہیں۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر صفیں طاق بنانا ضروری ہے ؟ سوال۔نمازِ جنازہ کے موقع پر صفیں طاق بنانا ضروری ہے یا مستحب ہے؟ (محمد صدیق تلیاں، ایبٹ آباد)(21 جنوری 2000ء) جواب۔ نمازِ جنازہ میں صفیں طاق بنانا ضروری نہیں۔ ابوداؤد وغیرہ میں مالک بن ہبیرہ کی روایت میں طاق کا ذکر ہے۔ لیکن اس میں محمد بن اسحاق مدلس راوی ہے۔ اس نے یہ روایت عن کے ساتھ بیان کی ہے اور مدلس میں یہ علت موثر ہے۔ اس بناء پر یہ حدیث قابلِ حجت نہیں۔ یہاں تک کہ کوئی ایسے شے پائی جائے جو اس کی صحت کی شہادت دے۔ اور امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی’’ صحیح ‘‘ میں بایں الفاظ باب قائم کیا ہے: (بَابُ مَنْ صَفَّ صَفَّیْنِ أَوْ ثَلاَثَۃً عَلَی الجِنَازَۃِ خَلْفَ الْاِمَام) ”یعنی جس نے امام کی اقتداء میں دو یا تین صفیں بنائیں۔‘‘ پھر قصہ النجاشی سے استدلال کیا ہے۔ اس سے معلوم ہوا امام بخاری بھی نماز جنازہ میں صفوں کے طاق ہونے کے قائل نہیں۔ جب کہ دیگر بعض اہل علم نے اس سے استحباب ثابت کیا ہے۔ ملاحظہ ہو: ’’نیل الاوطار‘‘ وغیرہ، لیکن راجح مسلک پہلا ہے۔
Flag Counter