Maktaba Wahhabi

129 - 360
گفتگو کا خلاصہ یہ ہے، کہ حج و عمرہ کی آسانیوں میں سے ایک یہ ہے کہ محرم بوقتِ ضرورت ہتھیار بند ہو سکتا ہے۔ ۱۹۔ محرم کے لیے آنکھوں کے علاج کی اجازت: حج و عمرہ کی آسانیوں میں سے ایک یہ ہے، کہ محرم کو آنکھوں کے دکھنے پر ان کے علاج کی اجازت ہے۔ توفیقِ الٰہی سے اس بارے میں ذیل میں تین روایات پیش کی جارہی ہیں: ۱: امام مسلم نے نبیہ بن وہب سے روایت نقل کی ہے ، کہ انہوں نے بیان کیا: ’’ہم ابان بن عثمان رضی اللہ عنہ کے ہمراہ روانہ ہوئے، یہاں تک کہ ہم جب مَلَلْ[1]میں تھے، تو عمر بن عبید اللہ کی آنکھیں دکھنے لگیں، پھر ہم جب الروحاء [2]میں تھے، تو ان کا درد شدید ہو گیا، تو انہوں نے (اس بارے میں) دریافت کرنے کی غرض سے ابان بن عثمان رضی اللہ عنہ کی خدمت میں پیغام بھیجا، تو ان کی طرف سے جواب آیا: ’’دونوں (آنکھوں) پر ایلوے کا لیپ کر لو۔‘‘ کیونکہ عثمان رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے حالتِ احرام میں آنکھیں دکھنے والے شخص کے متعلق نقل کیا ہے ، کہ: ’’ضَمَّدَہُمَا بِالصَّبِرَ۔‘‘ [3]
Flag Counter