Maktaba Wahhabi

27 - 380
اس سعی جمیل کو قبولیت کا شرف بخشے، اور عوام کو اس کتاب سے کما حقہٗ مستفید ہونے کی توفیق دے۔ آمین (ماہنامہ ’’نوائے اسلام‘‘ دہلی، جلد: ۹ شمارہ ۳، ۴ رمضان، شوال ۱۴۱۲ھ مارچ، اپریل ۱۹۹۲ء) [۴] تبصرہ نگار: مولانا رضاء اللہ عبدالکریم المدنی صاحب محترم جناب محمد منیر قمر صاحب اردو داں طبقہ کے لیے نئے نہیں ہیں۔ ان کی متعدد تصنیفات منظرِ عام پرآچکی ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے مضامین ہندوپاک کے اخبارات ورسائل میں چھپتے رہتے ہیں ۔ آپ ریڈیو ام القیوین سے متعلق ہیں اور دینی معلومات پر مشتمل پروگرام پیش کرتے ہیں۔ سوئے حرم بھی ایک سلسلہ وار نشری تقریر کی کتابی شکل ہے۔ حج بیت اللہ وزیارتِ مسجدِ نبوی ۔علی صاحبہ أفضل الصلوٰۃ والتسلیم۔ کے متعلق صرف اردو میں سینکڑوں کتابیں موجود ہیں۔ اور ہر مصنف نے اپنے ذوق کے مطابق ان تفصیلات، واقعات اور احکام و مسائل کو ذکر کیاہے جو حج و متعلقاتِ حج سے علاقہ رکھتے ہیں۔ ہمارے محترم جناب محمد منیر قمر صاحب نے اس مضمون کوکچھ اور ہی رخ دیاہے۔ حج و زیارت و متعلقات کے موضوع پر نہایت تحقیقی معلومات بہم پہنچائی ہیں۔ کتاب اپنے موضوع پر مکمل دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔ ستّر اسّی مصادر ومراجع کو کھنگال کر ۲۹۵عنوانات کے تحت ایک عظیم کتاب ترتیب دی ہے۔ اولاً تو کتاب ہی بہتر اور اچھے ذوقِ تالیف سے مرصع تھی۔ محترم جناب حافظ عبدالرؤف صاحب حفید علامہ حکیم محمد اشرف سندھو کی تخریج وتعلیق کے بعد تو یہ کتاب اردو میں میری نظر میں اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہے۔ اس کتاب کی تالیف پر مؤلف جہاں قابلِ مبارک باد ہیں ، وہیں مخرج ومعلق بھی لائق صد تحسین ہیں۔
Flag Counter