Maktaba Wahhabi

304 - 442
سجدہ شکر کب کریں اور اس کی کیفیت کیا ہونی چاہیے ؟ سوال ۲۸۹: اللہ تعالیٰ کے لیے سجدۂ شکر کب کیا جائے؟ اس کی کیفیت کیا ہوگی اور کیا اس کے لیے وضو شرط ہے؟ جواب :سجدۂ شکر اس وقت ہوتا ہے جب کوئی مصیبت دور ہو جائے یا انسان کو کوئی نعمت حاصل ہو۔ یہ سجدہ اسی طرح ہے جس طرح نماز سے باہر کا سجدہ تلاوت ہوتا ہے۔ بعض علماء کی رائے ہے کہ سجدہ شکر بھی باوضو ہونا چاہیے اور اس کے لیے بھی اللہ اکبر کہا جائے۔ بعض کی رائے ہے کہ صرف سجدہ کو جاتے وقت اللہ اکبر کہا جائے، پھر سجدہ میں گر جائے اور ’’سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی‘‘ پڑھنے کے بعد دعا کرے۔ کیا تحیۃ المسجد یا سنتوں میں بھی دعائے استخارہ پڑھی جا سکتی ہے ؟ سوال ۲۹۰: نماز استخارہ کے بارے میں کیا حکم ہے؟ کیا تحیۃ المسجد یا سنتوں میں بھی دعائے استخارہ پڑھی جا سکتی ہے؟ جواب :استخارہ سنت اس وقت ہے جب کوئی انسان کسی کام کا ارادہ کرے اور اس کے لیے یہ واضح نہ ہو کہ اس کام کا کرنا اس کے لیے بہتر ہے یا نہ کرنا بہترہے۔ اور جب یہ بات بالکل واضح ہو کہ اس کام کا کرنا بہتر ہے یا نہ کرنا بہتر ہے تو ایسی صورت میں استخارہ کی ضرورت نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بہت سے کام سر انجام دیتے تھے اور انہیں باضابطہ پروگرام کے مطابق انجام دیتے تھے لیکن یہ ثابت نہیں کہ آپ ان کے لیے استخارہ بھی فرماتے ہوں، مثلاً: اگر انسان نماز یا زکوٰۃ ادا کرنے کا ارادہ کرے یا حرام امور کو ترک کرنے کا ارادہ کرے یا کھانے، پینے اور سونے کا ارادہ کرے تو اس طرح کے تمام امور کے لیے استخارہ کی ضرورت نہیں ہے۔ تحیۃ المسجد میں دعائے استخارہ نہیں پڑھی جا سکتی۔ اسی طرح پہلے سے نیت کیے بغیر سنت رواتبہ میں بھی دعائے استخارہ نہیں پڑھی جا سکتی کیونکہ حدیث میں اس بات کی صراحت موجود ہے کہ استخارہ کی نیت سے دو رکعت نماز پڑھی جائے اور اگر نیت کے بغیر دو رکعتیں پڑھی جاتی ہیں تو اس سے فرمان نبوی کی تعمیل نہیں ہوگی۔ اگر کوئی شخص تحیۃ المسجد یا سنن مؤکدہ کے ادا کرنے سے پہلے استخارہ کی نیت کر لے اور پھر دعائے استخارہ پڑھ لے تو حدیث کے ان ظاہر الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ استخارہ صحیح ہوگا۔ ارشاد نبوی ہے: ((فَلْیَرْکَعْ رَکْعَتَیْنِ مِنْ غَیْرِ الْفَرِیضَۃِ)) (صحیح البخاری، الدعوات، باب الدعاء عند الاستخارۃ، ح: ۶۳۸۲، التہجد، باب ماجاء فی التطوع مثنی مثنی، ح:۱۱۶۲۔) ’’وہ فرض نماز کے علاوہ دو رکعتیں پڑھے۔‘‘ اس میں فرض کے سوا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اور کسی نماز کو مستثنیٰ قرار نہیں دیا اور یہ بھی احتمال ہے کہ اس طرح استخارہ صحیح نہ ہو کیونکہ حدیث کے الفاظ ’’جب ارادہ کرے تو (دو رکعت) نماز پڑھے‘‘ سے معلوم ہوتا ہے کہ ان دو رکعتوں کا استخارہ کے سوا اور کوئی سبب نہیں، لہٰذا میرے نزدیک افضل یہی ہے کہ استخارہ کے لیے دو مستقل رکعتیں پڑھی جائیں کیونکہ یہ احتمال بھی ہے جس کا پہلے ذکر کیا جا چکا ہے۔ اور فرض نماز کے بطور خاص استثناء سے یہ مراد ہو سکتی ہے کہ وہ نفل نماز پڑھے گویا آپ نے فرمایا ہی یہ ہے کہ وہ دو رکعت نفل نماز پڑھے۔ واللّٰہ اعلم
Flag Counter