Maktaba Wahhabi

346 - 442
وجوب زکوٰۃ کی شرطیں سوال ۳۵۴: وجوب زکوٰۃ کی کیا شرطیں ہیں؟ جواب :وجوب زکوٰۃ کی درج ذیل شرطیں ہیں:اسلام، آزادی، نصاب کی ملکیت اور اس کا مستقل ہونا اور سال کا گزرنا۔ مگر یہ آخری شرط زمین سے پیدا ہونے والی چیزوں کے لیے نہیں ہے۔ (۱) اسلام: اسلام کی شرط اس لیے ہے کہ کافر پر زکوٰۃ واجب نہیں ہے اور اگر وہ زکوٰۃ کے نام سے ادا بھی کرے، تو اس سے قبول نہیں کی جائے گی کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ مَامَنَعَہُمْ اَنْ تُقْبَلَ مِنْہُمْ نَفَقٰتُہُمْ اِلَّآ اَنَّہُمْ کَفَرُوْا بِاللّٰہِ وَ بِرَسُوْلِہٖ وَ لَا یَاْتُوْنَ الصَّلٰوۃَ اِلَّا وَ ہُمْ کُسَالٰی وَ لَا یُنْفِقُوْنَ اِلَّا وَ ہُمْ کٰرِہُوْنَ، ﴾ (التوبۃ: ۵۴) ’’اور ان کے خرچ (اموال) کے قبول ہونے سے کوئی چیز مانع نہیں ہوئی سوائے اس کے کہ انہوں نے اللہ سے اور اس کے رسول سے کفر کیا اور وہ نماز کو آتے ہیں تو سست وکاہل ہو کر اور خرچ کرتے ہیں تو ناخوشی سے۔‘‘ ہم نے جو یہ کہا کہ کافر پر زکوٰۃ واجب نہیں اور اگر وہ ادا بھی کرے تو اس سے قبول نہیں کی جائے گی، اس کے یہ معنی نہیں کہ آخرت میں بھی اسے معافی مل جائے گی بلکہ آخرت میں اسے ضرور عذاب ہوگا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿کُلُّ نَفْسٍم بِمَا کَسَبَتْ رَہِیْنَۃٌ، اِلَّا اَصْحٰبَ الْیَمِیْنِ، فِیْ جَنّٰتٍ قف یَّتَسَآئَ لُوْنَ، عَنِ الْمُجْرِمِیْنَ، مَا سَلَکَکُمْ فِیْ سَقَرَ، قَالُوْا لَمْ نَکُ مِنَ الْمُصَلِّیْنَ، وَلَمْ نَکُ نُطْعِمُ الْمِسْکِیْنَ، وَکُنَّا نَخُوْضُ مَعَ الْخَائِضِیْنَ، وَکُنَّا نُکَذِّبُ بِیَوْمِ الدِّیْنِ، حَتّٰی اَتٰنَا الْیَقِیْنُ، ﴾ (المدثر: ۳۸۔۴۷) ’’ہر شخص اپنے اعمال کے بدلے گروی ہے، مگر داہنی طرف والے (نیک لوگ) (کہ) وہ باغہائے بہشت میں (ہوں گے اور) پوچھتے ہوں گے (اگ میں جلنے والے) گناہ گاروں سے کہ تمہیں دوزخ میں کس چیز نے ڈالا ہے؟ وہ جواب دیں گے کہ ہم نماز پڑھتے تھے نہ فقیروں کو کھانا کھلاتے تھے اور اہل باطل کے ساتھ مل کر (حق کا) انکار کرتے تھے اور روز جزا کو جھٹلاتے تھے یہاں تک کہ ہمیں موت آگئی۔‘‘ اس سے معلوم ہوا کہ اسلام کی تعلیمات کے مطابق عمل نہ کرنے کی وجہ سے انہیں عذاب ہوگا۔ (۲) آزادی: حریت کی شرط اس لیے ہے کہ غلام کا تو کوئی مال ہی نہیں ہوتا، اس کا مال اس کے آقا کا ہوتا ہے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((َمَنِ باعَ عَبْدًا وَلَہُ مَالٌ فَمَالُہُ لبَائعَہُ إِلَّا أَنْ یَشْتَرِطَ الْمُبْتَاعُ)) (صحیح البخاری، المساقاۃ، باب الرجل یکون لہ ممر او شرب فی حائط او نخل، ح: ۲۳۷۹ وصحیح مسلم، البیوع، باب من باع نخلا علیہا ثمر، ح: ۱۵۴۳ (۸۰) واللفظ للبخاری۔)
Flag Counter