Maktaba Wahhabi

418 - 442
۲۔ اگر گھر میں احرام نہ باندھا ہو تو ہوائی جہاز میں اس وقت باندھ لے جب وہ میقات کے بالمقابل آئے۔ ۳۔ جب ہوائی جہاز میقات کے بالمقابل پہنچے تو حج و عمرہ کو شروع کرنے کی نیت کرے اور نیت کے مطابق لبیک کہے۔ ۴۔ اگر کوئی شخص غفلت یا نسیان کے اندیشے کے باعث از راہ احتیاط میقات پر آنے سے پہلے احرام باندھ لے، تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں۔ اگر کوئی میقات سے گزر کر عمرے کا ارادہ کرے تو احرام کہاں سے باندھے؟ سوال ۴۶۸: جو شخص اپنے ملک سے جدہ تک سفر کرے اور پھر جدہ میں پہنچنے کے بعد عمرے کا ارادہ کر لے، تو کیا وہ جدہ ہی سے احرام باندھ لے؟ جواب :اس کی حسب ذیل دو صورتیں ہو سکتی ہیں: ۱۔ انسان نے عمرے کی نیت کے بغیر جدہ تک سفر کیا ہو اور جدہ میں اس کا عمرے کا پروگرام بن گیا ہو تو وہ جدہ ہی سے عمرے کا احرام باندھ لے اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مواقیت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: ((وَمَنْ کَانَ دُونَ ذَلِکَ فَمِنْ حَیْثُ أَنْشَأَ حَتَّی أَہْلُ مَکَّۃَ مِنْ مَکَّۃَ))( صحیح البخاری، الحج، باب مہل اہل مکۃ للحج والعمرۃ، ح: ۱۵۲۴۔) ’’اور جو مواقیت کے اندر ہو تو وہ جہاں سے شروع کرے وہاں سے احرام باندھ لے حتیٰ کہ اہل مکہ، مکہ ہی سے احرام باندھیں گے۔‘‘ ۲۔ کسی شخص نے اپنے شہر سے عمرے کی نیت اور عزم و ارادے کے ساتھ سفر شروع کیا ہو تو اس حالت میں اس پر واجب ہے کہ وہ اپنے راستے کی میقات سے احرام باندھے۔ اس کے لیے جدہ سے احرام باندھنا جائز نہیں کیونکہ جدہ میقات کے اندر ہے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مواقیت کو مقرر کر کے ارشاد فرمایا ہے: ((ہُنَّ لَہُنَّ وَلِمَنْ أَتَی عَلَیْہِنَّ مِنْ غَیْرِ أَہْلِہِنَّ مِمَّنْ کَانَ یُرِیْدُ الْحَجَّ وَالْعُمْرَۃَ)) (صحیح البخاری، الحج، باب مہل من کان دون المواقیت، ح: ۱۵۲۹۔) ’’یہ مواقیت ان علاقوں کے لیے اور دوسرے علاقوں کے ہر اس شخص کے لیے ہیں جو ان کے پاس سے گزریں اور اس کا حج و عمرہ کا ارادہ ہو۔‘‘ لہٰذا اس حالت میں اگر وہ جدہ سے احرام باندھ کر مکہ آجائے، تو اہل علم کے نزدیک اس پر فدیہ لازم ہے اور وہ یہ کہ وہ مکہ میں ایک جانور ذبح کر کے اسے وہاں کے فقرا پر صدقہ کر دے۔ اس کا عمرہ صحیح ہوگا اور اگر جدہ میں پہنچنے کے بعد اس نے ابھی تک احرام نہ باندھا ہو اور جدہ میں پہنچنے سے پہلے ہی اس کی نیت عمرے کی ہو تو اس صورت میں اسے واپس جا کر میقات سے احرام باندھنا ہوگا اور اس پر کوئی فدیہ وغیرہ لازم نہ ہوگا۔ کیا محرم غسل کر سکتا ہے سوال ۴۶۹: احرام باندھنے کے بعد محرم کے غسل کرنے کے بارے میں کیا حکم ہے؟
Flag Counter