Maktaba Wahhabi

420 - 442
جواب :اس کا حج تمتع نہیں ہوگا اور نہ اس پر قربانی واجب ہوگی۔ تلبیہ کے مسنون الفاظ سوال ۴۷۴: نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے تلبیہ کے کون سے صحیح الفاظ ثابت ہیں؟ عمرہ و حج میں تلبیہ کب ختم کرنا چاہیے؟ جواب :نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت شدہ تلبیہ کے الفاظ یہ ہیں: ((لَبَّیْکَ اَللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ لَبَّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ))( صحیح البخاری، الحج، باب التلبیۃ، ح: ۱۵۴۹، وصحیح مسلم، الحج، باب التلبیۃ وصفتہا، ح: ۱۱۸۴۔) ’’میں حاضر ہوں۔ اے اللہ! میں حاضر ہوں۔ میں حاضر ہوں، تیرا کوئی شریک نہیں، میں حاضر ہوں۔ بے شک ساری تعریفیں اور نعمتیں تیری ہی ہیں اور سارا ملک بھی تیرا ہے۔ تیرا کوئی شریک نہیں۔‘‘ امام نسائی رحمہ اللہ نے مزید یہ الفاظ بھی بیان فرمائے ہیں: ((لَبَّیْکَ اِلٰہَ الْحَقِّ))( سنن النسائی، المناسک، باب کیف التلبیۃ، ح: ۲۷۵۳۔) ’’اے معبود حقیقی! میں حاضر ہوں۔‘‘ اس روایت کی سند حسن ہے۔ عمرہ کرنے والا اس وقت تلبیہ بند کر دے جب وہ طواف شروع کرے اور حج کرنے والا اس وقت تلبیہ بند کرے، جب وہ عید کے دن جمرۂ عقبہ کو کنکریاں مارے کیونکہ امام ترمذی رحمہ اللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اس مرفوع حدیث کو روایت کیا ہے: ((اَنَّہَ کَانَ یُمْسِکُ عَنِ الْتَلْبِیَۃِ فِی الْعُمْرَۃِ اِذَا اسْتَلَمَ الْحَجَرَ))( سنن ابی داود، المناسک، باب متی یقطع المعتمر التلبیۃ، ح: ۱۸۱۷، وجامع الترمذی، الحج، باب ماجاء متی تقطع التلبیۃ فی العمرۃ، ح: ۹۱۹۔) ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم عمرے میں تلبیہ سے اس وقت رک جاتے تھے جب حجر اسود کو بوسہ دیتے۔‘‘ امام ترمذی رحمہ اللہ نے اس حدیث کو صحیح قرار دیا ہے لیکن اس کی سند میں ایک راوی محمد بن عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ ہے جسے اکثر محدثین نے ضعیف قرار دیا ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ عرفہ سے مزدلفہ تک حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے آپ کی سواری پر سوار تھے اور پھر مزدلفہ سے منیٰ تک آپ نے حضرت فضل رضی اللہ عنہ کو اپنے پیچھے سوار کر لیا، ان دونوں نے روایت کی ہے: ((لَمْ یَزَلِ یُلَبِّی حَتَّی رَمَی جَمْرَۃَ الْعَقَبَۃِ))( صحیح البخاری، الحج، باب الرکوب والارتداف فی الحج، ح: ۱۵۴۳۔) ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم جمرہ عقبہ کو کنکریاں مارنے تک تلبیہ کہتے رہے۔‘‘ امام مالک رحمہ اللہ کے نزدیک عمرہ میں تلبیہ حرم میں پہنچنے کے بعد بند کر دینا چاہیے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیت اللہ کے پاس پہنچ
Flag Counter