Maktaba Wahhabi

424 - 442
انداز میں پہنے جیسے قمیض شلوار پہنی جاتی ہے۔ اہل علم کے اس قول سے مراد ہر وہ چیز نہیں ہے جس میں سلائی کا عمل ہوا ہو، لہٰذا اگر انسان احرام کے لیے پیوند لگی ہوئی چادریں استعمال کرے، تو اس میں کوئی حرج نہیں گو پیوندکاری کے لیے اس کپڑے کی سلائی کی گئی ہوتی ہے۔ معذور شخص کے متعلق حکم جو احرام نہ باندھ سکتا ہو سوال ۴۸۰: ایسا معذور شخص جو احرام کے کپڑے نہ پہن سکتا ہو، وہ کیا کرے؟ جواب :جب انسان احرام کے کپڑے نہ پہن سکتا ہو تو وہ کوئی دوسرا ایسا لباس پہن لے جسے وہ پہن سکتا ہو اہل علم کے نزدیک اس صورت میں اس کے لیے واجب ہے کہ ایک بکری ذبح کر کے مکہ کے فقرا میں تقسیم کر دے، یا چھ مسکینوں کو نصف صاع فی کس کے حساب سے کھانا کھلا دے یا تین روزے رکھ لے۔ اس مسئلہ میں اہل علم کا یہی قول ہے اور یہ سر کے بال منڈانے کے مسئلہ پر قیاس کی بنیاد پر ہے کہ اس کے بارے میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ مَّرِیْضًا اَوْ بِہٖٓ اَذًی مِّنْ رَّاْسِہٖ فَفِدْیَۃٌ مِّنْ صِیَامٍ اَوْ صَدَقَۃٍ اَوْ نُسُکٍ﴾ (البقرۃ: ۱۹۶) ’’اور اگر کوئی تم میں بیمار ہو یا اس کے سر میں کسی طرح کی تکلیف ہو، پھر اگر وہ سر منڈا لے تو اس کے بدلے روزے رکھے یا صدقہ دے یا قربانی کرے۔‘‘ روزے اور صدقے کی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے وہی تفصیل بیان فرمائی ہے جو ہم نے قبل ازیں ذکر کی ہے۔ حالت احرام میں جماع کرنےوالے کے متعلق کیا حکم ہے ؟ سوال ۴۸۱: اس شخص کے بارے میں کیا حکم ہے جو حالت احرام میں جماع کرے جبکہ اسے اس حالت میں جماع کی حرمت کا علم نہ ہو؟ جواب :معلوم ہے کہ جماع حالت احرام میں ممنوع ہے بلکہ احرام کے بڑے بڑے حرام امور میں سے ایک ہے کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿اَلْحَجُّ اَشْہُرٌ مَّعْلُوْمٰتٌ فَمَنْ فَرَضَ فِیْہِنَّ الْحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَ لَا فُسُوْقَ وَ لَا جِدَالَ فِی الْحَجِّ﴾ (البقرۃ: ۱۹۷) ’’حج کے مہینے (معین ہیں جو) معلوم ہیں تو جو شخص ان مہینوں میں حج کی نیت کر لے، وہ حج (کے دنوں) میں نہ عورتوں سے اختلاط کرے، نہ کوئی برا کام کرے اور نہ کسی سے جھگڑے۔‘‘ ﴿رَفَثَ﴾ کے معنی جماع او راس کے مقدمات کے ہیں۔ جماع احرام کے ممنوعات میں سے سب سے سنگین جرم ہے۔ انسان نے جب حج کا احرام باندھا ہو اور وہ جماع کرے، تو یہ جماع یا تو پہلی دفعہ حلال ہونے سے قبل ہوگا یا اس کے بعد اور اگر پہلی دفعہ حلال ہونے سے قبل ہو تو اس صورت میں جماع پر درج ذیل امور مرتب ہوں گے: ۱۔ حج فاسد ہو جائے گا اور اس طرح فرض یا نفل کوئی حج بھی ادا نہ ہوگا۔
Flag Counter