Maktaba Wahhabi

387 - 430
سفر میں ہمیشہ قصر، سنتِ خیر البشر صلی اللہ علیہ وسلم : احادیث سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں ہمیشہ نمازِ قصر پڑھا کرتے تھے۔ کسی معتبر روایت میں یہ منقول نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سفر میں کبھی چار رکعتیں بھی پڑھی ہوں۔ چنانچہ صحیح بخاری و مسلم، ترمذی، نسائی اور مسند احمد میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے: ’نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوبکر صدیق و عمرِ فاروق رضی اللہ عنہما منیٰ میں دو رکعتیں پڑھا کرتے تھے اور حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کا عمل بھی ابتدائے خلافت (کے چھے یا آٹھ سال) میں یہی تھا۔‘‘[1] جبکہ صحیح بخاری و مسلم، ابو داود، ترمذی، ابن ماجہ، مسند احمد اور بیہقی میں انہی سے مروی ہے: (( صَحِبْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم فَکَانَ لَا یَزِیْدُ فِی السَّفَرِ عَلٰی رَکْعَتَیْنِ وَاَبَا بَکْرٍ وَعُمَرَ وَعُثْمَانَ َکٰذِلَک )) [2] ’’میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت میں رہا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں دو رکعتوں سے زیادہ نہیں پڑھا کرتے تھے اور حضرت ابوبکر و عمر و عثمان رضی اللہ عنہم بھی ایسے ہی کیا کرتے تھے۔‘‘ صحیح بخاری و مسلم میں یہ بھی مذکور ہے کہ انھوں نے یہ آیت تلاوت کی: ﴿لَّقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللّٰهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ...﴾ [الأحزاب: ۲۱] ’’تمھارے لیے رسول اللہ کی ذاتِ گرامی میں بہترین نمونہ ہے۔۔۔۔۔‘‘
Flag Counter