Maktaba Wahhabi

65 - 99
بــَابُ التـَّــدْفِیْــنِ تدفین کے مسائل مسئلہ 154 نماز جنازہ پڑھنے کے بعد تدفین تک ٹھہرنے کی فضیلت۔ وضاحت : حدیث مسئلہ نمبر124کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔ مسئلہ 155 بغلی قبر (لحد) بنانا افضل ہے۔ مسئلہ 156 قبر میں کچی اینٹیں استعمال کرنی چاہئیں۔ عَنْ عَامِرِ بْنِ سَعْدِ بْنِ اَبِیْ وَقَّاصٍ رضی اللّٰه عنہ اَنَّ سَعْدَ ْبنِ اَبِیْ وَقَّاصٍ رضی اللّٰه عنہ قَالَ : فِیْ مَرَضِہِ الَّذِیْ مَاتَ فِیْہِ اِلْحَدُوْا لِیْ لَحْدًا وَ انْصِبُوْا عَلَی اللَّبِنَ نَصْبًا کَمَا صُنِعَ بِرَسُوْلِ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم ۔ رَوَاہُ مُسْلِمٌ[1] حضرت عامر بن سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے اپنے مرض الموت میں یہ بات کہی ’’میرے لئے لحد بنانا اورکچی اینٹیں استعمال کرنا جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے لحد بنائی گئی اور کچی اینٹیں استعمال کی گئیں۔ ‘‘ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 157 قبر فراخ ، گہری اور صاف ستھری ہونی چاہئے۔ مسئلہ 158 بوقت ضرورت ایک قبر میں ایک سے زائد میتیں دفن کی جا سکتی ہیں۔ عَنْ ہِشَامِ بْنِ عَامِرٍ رضی اللّٰه عنہ اَنَّ النَّبِیَّ صلي اللّٰه عليه وسلم قَالَ یَوْمَ اُحُدٍ ((اِحْفِرُوْا وَ اَوْسِعُوْا وَ اَعْمِقُوْا وَ اَحْسِنُوْا وَ اَدْفِنُوْا الَاثْنَیْنِ وَالثَّلاَ ثَۃَ فِیْ قَبْرٍ وَاحِدٍ وَ قَدِّمُوْا أَکْثَرَہُمْ قُرْآنًا۔ رَوَاہُ اَحْمَدُ وَ التِّرْمِذِیُّ وَ اَبُوْدَاؤٗدَ وَالنِّسَائِیُّ وَابْنُ مَاجَۃَ [2] (صحیح) حضرت ہشام بن عامر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے احد کے روز فرمایا ’’قبریں گہری، فراخ اور صاف ستھری بناؤ اور ایک ایک قبر میں دو ، دو، تین ، تین آدمی دفن کرو۔ جسے قرآن مجید زیادہ یاد ہو اسے پہلے قبر میں اتارو۔‘‘ اسے احمد ، ترمذی ، ابوداؤد ، نسائی اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔
Flag Counter