Maktaba Wahhabi

53 - 868
جہنم میں عورت کی اکثریت سوال:کیا یہ بات صحیح ہے کہ جہنم میں اکثریت عورتوں کی ہو گی اور کیوں؟ جواب:ہاں،یہ صحیح ہے۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کے ایک اجتماع میں یہ بات فرمائی تھی کہ "اے عورتوں کی جماعت!صدقہ کیا کرو،بلاشبہ تم مجھے دکھائی گئی ہو کہ جہنم میں اکثریت تم عورتوں ہی کی ہے۔" پھر اس کی وجہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھی گئی کہ یہ کیوں ہے اے اللہ کے رسول!تو آپ نے فرمایا:"تم لعنت بہت زیادہ کرتی اور شوہر کی ناشکری کرتی ہو۔"[1] یعنی آپ نے ان کے جہنم میں کثرت سے ہونے کے اسباب شمار فرمائے تو بتایا کہ یہ گالی گلوچ اور لعنت ملامت بہت زیادہ کرتی ہیں اور شوہر جو ان کا رفیق زندگی ہوتا ہے اس کی ناشکری اور ناقدری بہت زیادہ کرتی ہیں،اسی وجہ سے یہ جہنم میں بہت زیادہ ہوں گی۔(محمد بن صالح العثیمین) علامات قیامت کی ترتیب سوال:کیا قیامت کی علامات ترتیب سے ظاہر ہوں گے،اور کیا حیوانات کو ان علامات کا شعور ہوتا ہے؟ جواب:قیامت کبریٰ کی علامات میں سے کچھ کے متعلق معلوم ہے کہ وہ ترتیب سے ہوں گی اور کچھ ایسی ہیں کہ ان کی ترتیب کا ہمیں علم نہیں ہے۔مثلا:سیدنا عیسیٰ بن مریم علیہ السلام،خروج یاجوج وماجوج اور دجال۔ان میں ترتیب یوں ہے کہ پہلے دجال ظاہر ہو گا،پھر عیسیٰ علیہ السلام نازل ہوں گے اور اسے قتل کریں گے،پھر ان کے بعد یاجوج و ماجوج نکلیں گے۔امام سفارینی رحمہ اللہ نے اپنی تالیف "العقیدہ" میں انہیں ایک ترتیب سے تحریر فرمایا ہے مگر بعض امور ایسے ہیں کہ ان کی ترتیب پر دل مطمئن نہیں ہوتا۔اور ویسے ترتیب کے متعلق زیادہ فکر بھی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ہمیں قیامت اور اس کی علامات کی فکر ہونی چاہیے کہ ان کے ظہور پر قیامت بہت قریب ہو گی اور اللہ نے قیامت کی علامات مقرر کر رکھی ہیں کیونکہ یہ ایک بہت بڑا حادثہ ہو گا تو اس کے وقوع سے پہلے لوگوں کو متنبہ کرنے کے لیے ان علامات کی ضرورت بھی ہے۔ حیوانات کے متعلق ہم کچھ بھی نہیں کہہ سکتے کہ آیا انہیں ان کا شعور ہے یا نہیں تاہم یہ ضرور ہے کہ قیامت کے دن یہ حیوانات بھی زندہ کیے جائیں گے۔انہیں میدان محشر میں لایا جائے گا اور ان کا آپس میں ظلم و زیادتی کی صورت میں قصاص ہو گا جیسے کہ احادیث میں آیا ہے کہ "سینگوں والی بکری سے،بے سینگوں والی کا قصاص لیا جائے گا۔"[2] (محمد بن صالح العثیمین)
Flag Counter