Maktaba Wahhabi

81 - 93
لہٰذا جمعہ کی سنتوں کو ظہر کی سنتوں پرکیسے قیاس کیاجاسکتا ہے ؟علامہ ابنِ قیم نے اِن تمام دلائل کو زادالمعاد میں ضعیف قرار دیا ہے۔[1]اس موضوع میں دوسرا قول امام مالک و احمد رحمہمااللہ اور ایک وجہ سے شافعیہ کا ہے،اِن کا استدلال یوں ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جمعہ کی پہلی رکعتوں کی کوئی تعیین کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں اور نہ ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے بلکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب منبر پررونق افروز ہوجاتے تو آذان شروع ہوجاتی،اور آذان ہو چکنے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی وقفہ کے بغیر خطبہ شروع فرمادیتے اور یہ کھلے مشاہدہ کی بات تھی۔علّامہ عراقی فرماتے ہیں کہ(کسی صحیح حدیث میں)نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ منقول نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ سے پہلے کوئی(مقررہ رکعتوں پر مشتمل)نماز پڑھتے تھے۔شیخ ا لإسلام ابن تیمیہ اور علّامہ ابنِ قیم اور کثیر محققین و علمائے حدیث کی تحقیق یہی ہے کہ جمعہ سے قبل مقررہ تعداد میں سنن و نوافل ثابت نہیں،البتہ جو شخص امام کے خطبہ شروع ہونے سے پہلے مسجد میں پہنچ جائے،وہ بلا تعیین جتنی سنتیں اور نوافل پڑھنا چاہے پڑھ لے۔اور جونہی امام خطبہ شروع کرے،نوافل پڑھنا بند کردے۔[2] دورانِ خطبہ دورکعتیں(تحیۃالمسجد): جو شخص اُس وقت مسجد میں پہنچے جب خطبہ شروع ہوچکا ہو،تو وہ صرف دو رکعتیں’’تحیۃ المسجد‘‘ پڑھ سکتا ہے،اس سے زیادہ نہیں اور وہ بھی ہلکی سی،اور یہ دو رکعتیں ضرور پڑھ لینا چاہیئے،کیونکہ صحیح بخاری و مسلم اور سنن ِاربعہ سمیت دیگر کتبِ حدیث میں حضرت ابوقتادہ صسے مروی ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ﴿اِذَا دَخَلَ اَحْدُکُمُ الْمَسْجِدَ فَلْیَرْکَعْ رَکْعَتَیْنِ قَبْلِ اَنْ یِجْلِسَ﴾[3] تم میں سے کوئی شخص جب مسجد میں داخل ہو تو بیٹھنے سے پہلے دو رکعتیں ضرور پڑھ لے۔ یہ ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم تو مطلق ہے کہ جب بھی مسجد میں داخل ہو،لیکن خاص جمعہ کے دن اور وہ بھی عین خطبہ کے دوران مسجد میں داخل ہونے والے کو بھی یہی حکم ہے۔چنانچہ ترمذی و نسائی میں حضرت ابو سعید خدری ص سے مروی ہے۔ ﴿اَنَّ رَجُلاً دَخَلَ الْمَسْجِدَ یَوْمَ الْجُمُعَۃِ وَرَسُوْلُ ا للّٰهِ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم یَخْطُبُ عَلٰی الْمِنْبَرِ فَاَمَرَہُ أَنْ یُّصَلِّیَ رَکْعَتَیْنِ﴾[4] جمعہ کے دن ایک شخص اُس وقت مسجد میں داخل ہوا جبکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ ارشاد فرمارہے تھے۔تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُسے دو رکعتیں پڑھنے کا حکم فرمایا۔
Flag Counter