اس کی سند ’’منقطع‘‘ اور ’’مدلَّس‘‘ ہے ۔ اس میں امام عبد الرزاق اور امام ابنِ جریج دونوں ’’مدلِّس‘‘ ہیں اورمخبر نامعلوم و مجہول ہے ۔ تنبیہ :٭ سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قضائے حاجت کی، تو میں نے سوچا : لَعَلَّ اللّٰہُ یُطْلِعُنِي عَلٰی مَا خَرَجَ مِنْ جَوْفِہٖ فَآکُلَہٗ فَرَأَیْتُ الْـأَرْضَ بَیْضَائَ فَقُلْتُ : یَا رَسُولَ اللّٰہِ أَمَا کُنْتَ تَوَضَّأْتَ؟ قَالَ : بَلٰی وَلٰکِنَّا مَعْشَرُ النَّبِیِّینَ أُمِرَتِ الْـأَرْضُ أَنْ تُوَارِيَ مَا خَرَجَ مِنَّا مِنَ الْغَائِطِ وَالْبَوْلِ ۔’’ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فضلہ سے آگاہ کر دے اور میں اسے کھا لوں ، مگر میں نے دیکھا، تو زمین صاف ستھری تھی، میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول! آپ نے قضائے حاجت نہیں کی؟ فرمایا : جی ہاں ، قضائے حاجت کی ہے، مگر زمین کو حکم ہے کہ وہ ہم انبیا کے بول وبراز کو چھپا لے۔‘‘(تاریخ جرجان : 1106، رواۃ مالک للخطیب، [الزیادات علی الموضوعات للسّیوطي : 250])سند سخت ضعیف ہے۔1. عبد اللہ بن لیث استرابازی کی توثیق نہیں ملی۔2. اسحاق بن صلت غیر معتبر راوی ہے، اس کی توثیق بھی ثابت نہیں ۔