Maktaba Wahhabi

278 - 276
حرمت سود کی علت حدیث میں مذکور چھ چیزیں بنیادی ضروریات کے ساتھ تعلق رکھتی ہیں: ( سونا اور چاندی کرنسی کی بنیادی چیزیں ہیں۔ جن سے لین دین کے معاملات طے پاتے ہیں۔ گندم،جو،کھجور اور نمک بنیادی غذائی چیزیں ہیں،ان پر زندگی کا دارومدار ہے۔ ( جب ان چیزوں میں سود جاری ہوجائے تو لوگوں کو نقصان ہوگا اور معاملات میں فساد تک نوبت آجائے گی،لہٰذا شارع نے لوگوں پر رحمت کرتے ہوئے اس سے روک دیا ہے۔ سونے اور چاندی کے سوا کسی اور کرنسی میں یہ علت پائی جائے گی تو اس کا بھی یہی حکم ہوگا۔ اسی طرح مذکورہ بنیادی غذاؤں کے علاوہ کسی طعام و غذا میں یہ علت موجود ہوگی تو اس پر بھی یہی حکم لاگو ہوگا اور برابر برابر اور نقد کے بدلے نقد ہی خریدوفروخت ہوگی کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے طعام کی خریدوفروخت میں کمی بیشی سے منع فرمایا ہے۔[1] ( کرنسی اور طعام کی خریدو فروخت کے لیے شرائط : کرنسی اور طعام کے تبادلہ میں دو شرطیں ہیں: (1) عمدہ یا ردی اور گھٹیا ہونے کا وصف دیکھے بغیر مقدار میں برابر ہونا،اس کی دلیل درج ذیل احادیث ہیں: سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس برنی کھجوریں لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ کہاں سے لائے ہو؟ حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: ہمارے پاس نکمی اور ردی کھجوریں تھیں اس کے دو صاع دے کر ایک صاع لایا ہوں تاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے کھائیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
Flag Counter